ڈی پی او جھنگ کیپٹن (ر) بلال افتخار کیانی نے قائم مقام ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر امتیاز محسن کے ہمراہ علاقہ سٹی اور سیٹلائٹ ٹاؤن میں محرم الحرام کے حوالے سے مرکزی جلوسوں کے روٹس کا وزٹ کیا

جھنگ (سٹارنیوز)ڈی پی او جھنگ کیپٹن (ر) بلال افتخار کیانی نے قائم مقام ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر امتیاز محسن کے ہمراہ علاقہ سٹی اور سیٹلائٹ ٹاؤن میں محرم الحرام کے حوالے سے مرکزی جلوسوں کے روٹس کا وزٹ کیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈی پی او نے سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دینے کے حوالے سے تھانہ سٹی اور تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن کے مرکزی جلوسوں کے روٹس کا وزٹ کیا۔ اس موقع پر سکیورٹی افسران نے ڈی پی او کو سکیورٹی پلان کے حوالے سے بریفنگ دی جس پر ڈی پی او نے اطمینان کا اظہار کیا۔ میڈیا نمائندگان سے بات کرتے ہوئے ڈی پی او کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کیلئے سکیورٹی پلان پر عمل درآمد اور جلوس ہائے کے دوران قانون اور ضابطہ اخلاق کی پابندی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا ۔ جلوس کے داخلی و خارجی راستوں پرنصب واک تھرو گیٹس کے ذریعے شرکاء کی مکمل تلاشی کے بعد داخلے کی اجازت دی جائے گی۔ جلوس روٹس میں بلند عمارتوں پر سنائپرز تعینات کئے جائیں گے اور تمام روٹس کی سی سی ٹی وی کیمروں کے زریعے مانیٹرنگ کی جائے گی جس کیلئے کنٹرول روم کا قیام عمل میں لایا گیا ھے۔ ڈی پی او نے واضح کیا کہ امن ہماری اولین ترجیح ہے۔محرم الحرام کے دوران امن و امان خراب کرنے والے عناصر کیساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔