تھانہ احمد پور سیال میں محرم الحرام کے سلسلے میں امن و امان سے متعلق اہم اجلاس کا انعقاد

احمد پور سیال (تحصیل رپورٹر) تھانہ احمد پور سیال میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت ڈی ایس پی سرکل احمد پور سیال ارشد علوی نے کی۔ اجلاس میں ایس ایچ او غلام محی الدین سمیت مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام، تاجر برادری، صحافیوں اور امن کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔اجلاس میں شامل اہم شخصیات میں ضلعی امن کمیٹی کے ممبر ملک عبدالرزاق کھوکھر، میاں محمد عارف شیخ سٹی صدر احمد پور سیال ، چیئرمین انجمن تاجران اسماعیل خان بلوچ، صدر انجمن تاجران چوہدری محمد صدیق میو، جنرل سیکرٹری تحصیل پریس کلب احمد پور سیال ملک سیف اللہ صدیقی کھوکھر، امیر جمیعت علماء اسلام تحصیل احمد پور سیال، چوہدری حسن معاویہ جٹ، ممبر ضلعی امن کمیٹی سعید خان سیال،صفدر علی گوندل، مہر لکھی سیال، اور دیگر معززین و میڈیا نمائندگان شریک ہوئے۔اجلاس میں محرم الحرام کے جلوسوں کے روٹس، مجالس عزاء میں سہولیات کی فراہمی، سیکیورٹی انتظامات، اور بین المذاہب ہم آہنگی جیسے اہم امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ تمام شرکاء نے اس امر پر زور دیا کہ محرم کے دوران امن و امان کے قیام کے لیے مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔ڈی ایس پی ارشد علوی نے کہا کہ احمد پور سیال ہمارا اپنا شہر ہے، اسے امن کا گہوارہ بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ اگر سوشل میڈیا پر کوئی بھی شرپسند عناصر مذہبی منافرت پھیلانے کی کوشش کریں، تو فوری طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اطلاع دی جائے تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جا رہے ہیں، جن میں لیڈی کانسٹیبلز، اسپیشل فورسز، اور پولیس کے نوجوان افسران تعینات کیے جائیں گے۔ تمام مجالس عزاء اور جلوسوں کے راستوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔اجلاس خوش اسلوبی سے اختتام پذیر ہوا اور تمام شرکاء نے ضلعی انتظامیہ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
ہے۔

رپورٹ سیف اللہ صدیقی