ٹوبہ ٹیک سنگھ: پولیس مقابلے میں ایک شخص ہلاک، مبینہ طور پر اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کا نشانہ بن گیا

ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انور سے) سنہری بنگلہ کے قریب پولیس اور مشتبہ افراد کے درمیان مبینہ مقابلے کے دوران ایک شخص ہلاک ہو گیا، جس کی شناخت حیدر نواز ولد محمد نواز قوم گادھی سکنہ چک 184 گ ب حال مقیم چک 259 گ ب کے طور پر کی گئی ہے۔ترجمان پولیس کے مطابق ڈولفن فورس کی موٹرسائیکل گشت ٹیم معمول کے مطابق سنہری بنگلہ کی طرف جا رہی تھی کہ اچانک سامنے سے دو موٹرسائیکلوں پر سوار چار نامعلوم افراد نے پولیس کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس اہلکاروں نے درختوں اور فصلوں کی آڑ میں جان بچاتے ہوئے حفاظتی ہوائی فائرنگ کی اور فوری طور پر وائرلیس کے ذریعے مزید نفری طلب کر لی۔بیان کے مطابق نامعلوم حملہ آور فائرنگ کرتے ہوئے قریبی کپاس کی فصل میں چھپ گئے۔ فائرنگ رکنے کے بعد جب پولیس نے علاقے کی تلاشی لی تو ایک شخص حیدر نواز زخمی حالت میں ملا، جسے فوری طور پر ابتدائی طبی امداد کے لیے رورل ہیلتھ سینٹر (RHC) رجانہ منتقل کیا گیا، مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق حیدر نواز کسی ڈکیتی کے مقدمے میں مطلوب نہیں تھا۔ تاہم اس کے خلاف رجانہ تھانے میں لڑائی جھگڑے کے دو مقدمات درج تھے جن میں سے ایک میں اس کی ضمانت ہو چکی تھی۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ حیدر نواز اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوا، تاہم اس حوالے سے آزاد ذرائع سے تصدیق ہونا ابھی باقی ہے۔