فیلڈ مارشل عاصم منیر کے خلاف پراپیگنڈا خاک میں مل گیا، ٹرمپ کی جانب سے اعزاز میں ظہرانہ پاکستان کی عسکری قیادت پر اعتماد کا مظہر ہے: چوہدری امجد علی جاوید

ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انور سے)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر، رکن پنجاب اسمبلی اور ممتاز سینئر قانون دان چوہدری امجد علی جاوید ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کے خلاف بیرون ملک، بالخصوص امریکہ میں پی ٹی آئی کے چند کارکنوں کی جانب سے کیا جانے والا پراپیگنڈا مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے اعزاز میں دیے جانے والے خصوصی ظہرانے نے نہ صرف پاکستان کی عسکری قیادت کی عالمی سطح پر اہمیت کو اجاگر کیا ہے بلکہ یہ اقدام دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے کردار اور اس کی انسانی خدمات کا بھی بین الاقوامی اعتراف ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے ملکی سلامتی، دہشتگردی کے خاتمے اور خطے میں امن کے قیام کے لیے جو تاریخی قربانیاں دی ہیں، وہ ناقابل فراموش ہیں اور عالمی طاقتیں بھی اب اس حقیقت کو تسلیم کرنے لگی ہیں۔ چوہدری امجد علی جاوید کا کہنا تھا کہ پاکستان کی عسکری قیادت کا دنیا میں مثبت تاثر ابھارنا ہم سب کے لیے باعثِ فخر ہے۔پنجاب حکومت کی کارکردگی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری امجد علی جاوید ایڈووکیٹ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت ترقی، فلاح و بہبود، تعلیم، صحت اور انفراسٹرکچر سمیت ہر شعبے میں مثالی اقدامات کر رہی ہے، جس کے مثبت اثرات عوام تک پہنچ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چند مخصوص عناصر پنجاب حکومت کی کامیابیوں سے خائف ہو کر وزیر اعلیٰ مریم نواز کے خلاف جھوٹے الزامات، کردار کشی اور پراپیگنڈے میں مصروف ہیں، لیکن باشعور عوام ان منفی ہتھکنڈوں سے بخوبی آگاہ ہیں۔چوہدری امجد علی جاوید نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) عوام کی خدمت اور ملکی استحکام کے مشن پر کاربند ہے اور پارٹی قیادت پر عوام کا اعتماد ہی ہمارا اصل سرمایہ ہے۔