مرحوم چوہدری رمضان پرویز کی عوامی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں: میاں زیبر اکرم
ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انور سے)معروف سینئر سیاستدان چوہدری رمضان پرویز مرحوم کے قریبی ساتھی، پاکستان تحریک انصاف یوتھ آرگنائزیشن پنجاب کے سابق رہنما، نارکوٹکس کنٹرول کمیٹی پنجاب کے سابق کوآرڈینیٹر اور علاقہ کی ہر دلعزیز، معروف سیاسی، سماجی و کاروباری شخصیت میاں زیبر اکرم نے کہا ہے کہ چوہدری رمضان پرویز مرحوم نے اپنی زندگی میں عوامی خدمت کی وہ مثال قائم کی جو شاذ و نادر ہی دیکھنے کو ملتی ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ چوہدری رمضان پرویز کے انتہائی قریبی ساتھی رہے ہیں، اور ان کی جدائی ایک ذاتی دکھ سے کم نہیں۔ “مرحوم نے بے لوث، خالصتاً رضائے الٰہی کے لیے خلقِ خدا کی خدمت کی، اور آج بھی لوگ انہیں نیک الفاظ میں یاد کرتے ہیں، جو ان کی سچائی، خلوص، اور عوام دوستی کا ثبوت ہے۔”میاں زیبر اکرم نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دروازے ہمیشہ عوام کیلئے کھلے ہیں، اور وہ اپنے مرحوم رفیق کے مشن کو اسی جذبے سے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ “جس طرح رمضان پرویز مرحوم نے لوگوں کے دکھ سکھ بانٹے، اسی طرح میں بھی دن رات عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنائے ہوئے ہوں۔”انہوں نے مرحوم چوہدری رمضان پرویز کے ایک اور قریبی ساتھی، سابق چیئرمین یونین کونسل رجانہ چوہدری شبیر احمد ننھا مرحوم کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ دونوں شخصیات علاقہ کے سیاسی منظرنامے پر عوامی خدمات، اخلاص اور اصول پسندی کی پہچان تھیں۔ آج جب ہم اُنہیں یاد کرتے ہیں تو دل میں ایک خلاء محسوس ہوتا ہے۔میاں زیبر اکرم نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ دونوں مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کی قبروں کو نور سے بھر دے۔ آمین ثم آمین۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ مرحومین کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کریں اور ان کے مشن کو آگے بڑھانے میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ خدمتِ خلق کا یہ سلسلہ جاری و ساری رہے۔












