پیکاایکٹ سیمت صحافی برادری کو درپیش مثائل پر وائس آف جرنلسٹس پاکستان تنظیم کا لاہور میں اجلاس منعقد ہوا
*اجلاس میں صحافیوں کے حقوق اور تحفظ کے لیے اہم فیصلے کئے گئے

لاہور میں آج صحافیوں کی نمائندہ تنظیم وائس آف جرنلسٹس پاکستان کا ایک اہم اور بھرپور اجلاس منعقد ہوا، جس میں صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اجلاس میں تنظیم کے چیئرمین دلاور بٹ، وائس چیئرمین طارق بزمی، صدر زیارت خان، نائب صدر قدیر خان، جنرل سیکرٹری بلال خان، جوائنٹ سیکرٹری طلحہ نوید، سرپرست اعلی وزیر خان ،رابطہ سیکرٹری شوکت کھوکھر، سمیت باڈی کے دیگر اہم عہدیداران اور سینئر صحافی شریک ہوئے۔
اجلاس میں صحافی برادری کو درپیش مسائل، آزادیٔ صحافت، صحافیوں کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود سے متعلق تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے اس امر پر شدید تشویش کا اظہار کیا کہ حالیہ عرصے میں صحافیوں کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کرنے، انہیں ہراساں کرنے اور پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے، جو آزادیٔ صحافت کے لیے ایک سنجیدہ چیلنج ہے۔
اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ صحافیوں کے حقوق کے تحفظ، جھوٹے مقدمات کے خلاف قانونی معاونت، اور صحافی برادری کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ اگر کسی صحافی کو غیر قانونی دباؤ، ہراسانی یا جھوٹے مقدمات کا سامنا کرنا پڑا تو وائس آف جرنلسٹس پاکستان اس کے ساتھ ہر سطح پر کھڑی ہوگی اور قانونی و اخلاقی حمایت فراہم کرے گی۔
چیئرمین دلاور بٹ، وائس چیئرمین طارق بزمی، صدر زیارت خان، نائب صدر قدیر خان، جنرل سیکرٹری بلال خان اور دیگر عہدیداران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تنظیم صحافیوں کے اتحاد، ان کے پیشہ ورانہ وقار، آزادیٔ صحافت اور فلاح و بہبود کے لیے اپنی جدوجہد مزید مؤثر انداز میں جاری رکھے گی۔ اجلاس میں آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی اتفاق کیا گیا تاکہ صحافیوں کے مسائل کو متعلقہ اداروں تک مؤثر انداز میں پہنچایا جا سکے اور ان کے حقوق کا ہر قیمت پر تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
اجلاس کے اختتام پر تمام شرکاء نے اس عہد کا اعادہ کیا کہ صحافیوں کے حقوق، آزادیٔ اظہار اور آزاد صحافت کے فروغ کے لیے متحد ہو کر کام کیا جائے گا اور کسی بھی صحافی کو مشکلات کی گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
#journalism #journalists