جھنگ مساجد کوآباد کرنے کیلئے تجاویز وزیراعلیٰ پنجاب کے سامنے رکھوں گا۔مولانا محمدمعاویہ اعظم ایم پی اے جھنگ
جھنگ( سٹار نیوز آن لائن )مساجد کوآباد کرنے کیلئے تجاویز وزیراعلیٰ پنجاب کے سامنے رکھوں گا۔ ان خیالات کااظہار مولانا محمدمعاویہ اعظم ایم پی اے جھنگ نے لاک ڈاؤن کے باعث مساجد کوآباد کرنے کے معاملہ پر جھنگ کے علماء کرام کے نمائندہ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس جامعہ علوم الشریعہ جھنگ میں منعقد ہوا۔ جس میں وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے مولانا عبدالرحیم نقشبندی، قاری شفیق پانی پتی، سید مصدوق حسین شاہ،مولانا غلام اللہ انور، مولانا محمداقبال شروانی، مولانا غلام حسین، مولانا قاری محمدعثمان طارق، نائب صدر پاکستان علماء کونسل پنجاب،مولانا حافظ بشیراحمد، مفتی محمدرمضان،مولانا غلام سرور، مولانا مفتی عبدالغنی، مولانا محمدطارق،مولانا عمردراز، مولانا قاری محمدقاسم،پروفیسر ناصرحسن،مولانا عبدالعلیم حقانی،مولانا قاری صابر نوازاور ایم پی اے جھنگ مولانا محمدمعاویہ اعظم سمیت دیگر علماء کرام نے شرکت کی۔علماء کا کہنا تھا کہ وائرس زدہ اس ماحول میں جب جدید میڈیکل سائنس بھی کورونا کے علاج سے قاصر ہے تو قرآن پاک جو پوری انسانیت کیلئے شفا ہے کی تعلیم روک دی گئی، آفت کے اس ماحول میں جب اللہ سے معافی مانگنے کا وقت تھا،مساجد ہی بند کردی گئیں۔ اجلاس میں علماء نے افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ سبزی منڈی اور گندم خریداری مراکز پر اگر سینی ٹائزرواک تھرو گیٹ نصب کرکے کام کیاجاسکتا ہے تو مساجد کیلئے کیوں انتظامات نہیں کیے جاسکتے۔ مولانا محمدمعاویہ اعظم ایم پی اے نے اجلاس کو بتایا کہ اس معاملہ پر میں پہلے ہی سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی سے رابطہ میں ہوں، اجلاس کی سفارشات وزیراعلیٰ پنجاب کے سامنے رکھوں گا اور انشاء اللہ رمضان سے قبل مساجد کو آباد کرنے کیلئے علماء کی مشاورت سے متفقہ ایس او پیز بنائے جائیں گے جس سے مساجد میں نماز اور تراویح کی ادائیگی ممکن بنائی جاسکے۔
رپورٹ علی رحمان انصاری سٹاف رپورٹر سٹار نیوز جھنگ












