اسلام آباد وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ کورونا کی وباء سے نمٹنے کیلئے علمائے کرام کا تعاون درکار ہے ،بہت جلد علمائے کرام سے ملاقات کر کے مشاورت سے رمضان کیلئے لائحہ عمل مرتب کیا جائیگا ۔ جمعرات کو وزیر اعظم عمران خان سے معروف عالم دین مولانا طارق جمیل نے ملاقات کی جس میں وزیراعظم نے مولانا طارق جمیل کی جانب سے کورونا وائرس کے خلاف عوامی آگاہی مہم کو سراہا،
وزیراعظم نے کہاکہ کورونا کی وبا سے نمٹنے کے لئے علمائے کرام کا تعاون درکار ہے۔ انہوںنے کہاکہ بہت جلد علمائے کرام کے وفد سے خود ملاقات کروں گا۔انہوںنے کہاکہ حکومتی کوششوں کا مقصد عوام کو ایک ایسی وبا سے محفوظ رکھنا ہے جس نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ انہوںنے کہاکہ علمائے کرام نے ہر موڑ پر اور ہر مشکل کی گھڑی میں حکومت کی رہنمائی کی ہے۔وزیراعظم نے کہاکہ ماہ رمضان کے پیش نظر علمائے کرام کی مشاورت سے لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا












