فیصل آباد ام المومنین سیدہ عائشہ صدیقہ کی حیاتِ طیبہ خواتین کیلئے بہترین نمونہ ہے۔
پی آئی اے کے طیارے کا حادثہ افسوس ناک ہے۔ تحقیقات کرائی جائیں۔ صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی
فیصل آباد( سٹار نیوز آن لائن) مرکزی جامع مسجد گول فیصل آباد میں رمضان المبارک کے چوتھے جمعہ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین مرکزی علماء کونسل پاکستان صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ حضرت سیدہ عائشہ صدیقہ کو پوری امت میں ایک نمایاں اور ممتاز حیثیت حاصل ہے۔ آپ کے فضائل و مناقب قرآن و حدیث میں بے شمار موجود ہیں۔ آپ کی حیاتِ طیبہ عورتوں کے لیے ایک بے مثال نمونہ ہے۔ سیدہ کا مقام بہت بلند تھا۔ آپ رفیقہ نبوت اور صداقت کا پیکر تھیں۔ حضرت عائشہ کی صداقت و پاکیزگی قرآن میں نازل ہوئی۔ آپ پر چادر تطہیر اور چادرِ نور خود رب کریم نے دی ہے۔ حضرت عائشہ پوری دنیا میں کامل ترین عورتوں میں ہیں اور دنیا کی تمام عورتوں پر آپ کو برتری حاصل ہے۔ حضورﷺ کا آخری مرکز نبوت حجرہ سیدہ عائشہ بنا۔ حضور کی خواہش تھی کہ مشن رسالت کا وارث ابوبکر بنے اور جسم رسالت کی وارث عائشہ بنیں۔ آپ کی خواہش کے مطابق آپ کو حجرہ صدیقہ میں پہنچا دیا گیا۔ حضرت عائشہ وہ خوش قسمت عورت ہیں جن کے بستر پر وحی نازل ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ حضرت عائشہ صدیقہ کو اللہ تعالیٰ نے اس قدر فضائل و مناقب سے نوازا ہے کہ امت مسلمہ کی خواتین مادرِ امت کے کمالات و محاسن اور سیرت سے رہنمائی حاصل کریں اور اس معاشرے کو جنت نذیر بنائیں۔ اس موقع پر کراچی میں پی آئی اے کے تباہ ہونے والے جہاز کے مسافروں کے لیے دعا کی بھی کرائی گئی۔ چیئرمین کونسل نے کہا کہ عید کے موقع پر یہ حادثہ انتہائی افسوس ناک ہے اور متاثرین کی فیملیوں کے لیے بہت بڑا صدمہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ طیارہ حادثے کی تحقیقات کرائی جائیں۔ اجتماع میں پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
رپورٹ عمر فاروق سیکرٹری نشرواشاعت












