معروف اداکارہ عائشہ ثنا کروڑوں روپے کا فراڈ کر کے غائب مقدمہ درج
لاہور( سٹار نیوز آن لائن) معروف اداکارہ و میزبان عائشہ ثنا مختلف لوگوں سے کروڑوں روپے کا فراڈ کرکے روپوش ہوگئی ہیں جب کہ اسی سلسلہ میں چیک ڈس آنر ہونے پر ان کے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ عائشہ ثنا نے گھریلو ضروریات اور”کمیٹی” کے لئے اپنے کئی دوستوں اور جاننے والوں سے لگ بھگ 6 کروڑ روپے جمع کئے لیکن انہوں نے کسی ایک بھی شخص کو پیسے واپس نہ کئے بلکہ وہ فروری2020 سے روپوش ہیں اور ان کے بارے میں کسی کو کچھ پتہ نہیں ہے۔جن لوگوں نے عائشہ ثنا کو رقم دی تھی وہ اب اس کی تلاش میں مارے مارے پھر رہے ہیں جب کہ ان میں سے ایک متاثرہ شخص نے عائشہ ثنا کے خلاف دھوکہ دہی اور فراڈ کا مقدمہ بھی درج کرا دیا ہے۔
لاہورکی معروف کاروباری شخصیت محمد علی معین کی طرف سے تھانہ ڈیفینس بی میں دی گئی درخواست میں کہا گیا کہ عائشہ ثنا ان کی فیملی فرینڈ ہے جنہوں نے ان سے گھریلو ضروریات کے لئے 20 لاکھ روپے ادھار لئے جب انہوں نے واپسی کا تقاضا کیا تو اداکارہ نے انہیں حبیب بنک کا چیک نمبر 00000051 دے دیا جس پر 26 مارچ 2020 کی تاریخ درج تھی لیکن جب میں نے یہ چیک اپنے اکاؤنٹ میں جمع کرایا تو رقم ناکافی ہونے پر چیک ڈس آنر ہوگیا لہذہ عائشہ ثنا کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ علی معین کی اس درخواست پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے کے تفتیش شروع کردی ہے۔
دوسری طرف عائشہ ثنا کا موبائل نمبر بھی بند ہے جب کہ وہ مسلسل روپوش ہیں جن کے بارے میں ان کے قریب ترین دوستوں کو بھی کچھ معلوم نہیں ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ عائشہ ثنا نے کئی لوگوں سے اسی طرح رقم ہتھیائی تھی جو ایک کروڑ کے قریب ہے۔ کئی مزید لوگ ان کی تلاش میں ہیں جو اب پولیس سے بھی رابطہ کررہے ہیں۔کھوج نیوز نے عائشہ ثنا کے سب سے قریبی دوست کو فون کیا تو انہوں نے بھی اس بارے میں لا عملی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بھی بہت سے لوگوں کے فون آرہے ہیں لیکن مجھے عائشہ ثنا کے بارے میں کچھ معلوم نہیں کہ وہ کہاں غائب ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ عائشہ ثنا نے اپنے مختلف جاننے والوں سے مل کر 6 کروڑ روپے کی کمیٹی ڈالی جو 5 لاکھ روپے ماہانہ تھی اور اس میں سب لوگوں کو 40،40 لاکھ روپے ملنے تھے لیکن جب کافی زیادہ رقم جمع ہوگئی تو عائشہ ثنا غائب ہوگئی۔عائشہ ثنا نے رقم ہی نہیں بلکہ بوبی نامی خاتون سے دس پندرہ لاکھ کا زیور یہ کہہ کر لیا کہ میں فنکشن میں پہننے کے بعد واپس کر دوں گی لیکن عائشہ نے زیور واپس نہ کیا۔ذرائع نے بتایا ہے کہ عائشہ ثنا علی معین اوران کی اہلیہ عنیزہ احسان سے عائشہ ثنا کی بچپن کی دوستی ہے تاہم عائشہ نے نہ صرف علی معین بلکہ کئی نامور شخصیات کو لوٹا ہے۔ پاکستان کی ایک معروف شوبز شخصیت بھی عائشہ ثنا کے ہاتھوں 40 لاکھ روپے گنوا بیٹھی ہیں۔













