ٹوبہ ٹیک سنگھ کا ایک اور اعزاز، چوہدری احمد رضا سرور وفاقی سیکرٹری داخلہ مقرر
تحریر : محمد زاہد مجید انور
ٹوبہ ٹیک سنگھ کی مردم خیز سرزمین نے ایک مرتبہ پھر ملک کو اعلیٰ درجے کی بیوروکریسی میں نمایاں مقام رکھنے والی شخصیت دی ہے۔ چک نمبر 148 گ ب چوہلہ سے تعلق رکھنے والے گریڈ 22 کے سینئر بیوروکریٹ چوہدری احمد رضا سرور کو حکومتِ پاکستان نے وفاقی سیکرٹری داخلہ مقرر کر دیا ہے۔ یہ تقرری نہ صرف ان کی طویل، شاندار اور دیانت دار سرکاری خدمات کا اعتراف ہے بلکہ ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کے لیے بھی باعثِ فخر اور اعزاز ہے۔چوہدری احمد رضا سرور ایک ایسے علمی اور انتظامی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں جس نے کئی دہائیوں سے قومی خدمت کو اپنی روایت بنایا ہوا ہے۔ وہ سابق سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور ریٹائرڈ ڈپٹی کمشنر چوہدری محمد سرور کے صاحبزادے ہیں، جبکہ معروف معالج کیپٹن (ر) ڈاکٹر محمد انور کے بھتیجے اور نیشنل بینک آف پاکستان کے ریٹائرڈ زونل چیف مرحوم چوہدری عبدالمجید کے بھانجے ہیں۔ ان کا خاندانی پس منظر دیانت، شرافت، تعلیم اور عوامی خدمت کی روشن مثال سمجھا جاتا ہے۔وفاقی سیکرٹری داخلہ کا منصب ملک کے اہم ترین آئینی و انتظامی عہدوں میں شمار ہوتا ہے۔ داخلی سلامتی، امن و امان، امیگریشن، نادرا، پاسپورٹ، سول آرمڈ فورسز اور وفاقی وزارتِ داخلہ کے متعدد حساس معاملات اسی عہدے کے دائرۂ کار میں آتے ہیں۔ ایسے اہم منصب پر کسی افسر کی تعیناتی اس کی پیشہ ورانہ قابلیت، انتظامی بصیرت اور غیر معمولی اعتماد کا اظہار ہوتی ہے۔چوہدری احمد رضا سرور نے اپنے سرکاری کیریئر کے دوران مختلف اہم انتظامی ذمہ داریاں انتہائی دیانت داری، شفافیت اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ انجام دیں۔ ان کی بہترین انتظامی صلاحیتوں، قانون کی بالادستی پر یقین اور عوام دوست طرزِ عمل نے انہیں سول سروس کے ممتاز افسران میں شامل کیا۔یہ امر بھی قابلِ ذکر ہے کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تاریخ میں یہ دوسرا موقع ہے کہ اس دھرتی کے ایک سپوت کو وفاقی سیکرٹری داخلہ جیسے باوقار منصب پر فائز ہونے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ اس سے قبل ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ سے تعلق رکھنے والے ممتاز ریٹائرڈ بیوروکریٹ حفیظ اللہ اسحاق بھی وفاقی سیکرٹری داخلہ کی ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں۔ یہ حقیقت اس بات کی غماز ہے کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ ہمیشہ ملک کو باصلاحیت، محنتی اور دیانت دار افسران فراہم کرتا رہا ہے۔چوہدری احمد رضا سرور کی اس اہم تقرری پر ضلع بھر کی سیاسی، سماجی، کاروباری اور علمی شخصیات نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ان کی کامیابی نوجوان نسل کے لیے ایک روشن مثال ہے کہ محنت، قابلیت اور دیانت کے ذریعے ملک کے اعلیٰ ترین انتظامی مناصب تک رسائی حاصل کی جا سکتی ہے۔بلاشبہ چوہدری احمد رضا سرور کی وفاقی سیکرٹری داخلہ کے طور پر تقرری نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پورے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کے لیے اعزاز ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، وسیع انتظامی تجربے اور بہترین قیادت کے ذریعے قومی سطح پر مؤثر کردار ادا کرتے ہوئے ملک کے داخلی نظام کو مزید مضبوط، مؤثر اور عوام دوست بنانے میں اہم خدمات سرانجام دیں گے۔












