عوامی خدمت، معاشی استحکام اور ترقی کا سفر (ن) لیگ کی ترجیح ہے: چوہدری آزاد علی تبسم

ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انور سے)مسلم لیگ (ن) فیصل آباد کے ضلعی جنرل سیکرٹری اور رکن پنجاب اسمبلی چوہدری آزاد علی تبسم نے کہا ہے کہ ملک و قوم کو درپیش معاشی، انتظامی اور سماجی چیلنجز پر قابو پانے اور دیرینہ مسائل کے مرحلہ وار حل کے لیے حکومت جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت، معاشی استحکام، کفایت شعاری اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل حکومت کی اولین ترجیحات ہیں، جن کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران ڈسٹرکٹ انجمن صحافیاں کے ضلعی صدر اور معروف کالم نگار محمد زاہد مجید انور سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔چوہدری آزاد علی تبسم نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے حالیہ انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی واضح کامیابی عوام کے بھرپور اعتماد اور پارٹی کی مقبولیت کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح وفاق اور پنجاب میں عوامی فلاح و بہبود، ترقیاتی منصوبوں اور معاشی استحکام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں، اسی طرح آزاد جموں و کشمیر میں بھی ترقی اور خوشحالی کا نیا دور شروع کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے قومی معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے بروقت اور مؤثر فیصلے کیے ہیں۔ حکومتی اخراجات میں نمایاں کمی لائی گئی، غیر ضروری سرکاری اخراجات کو محدود کیا گیا اور کفایت شعاری کی پالیسی کو عملی شکل دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ وزراء، مشیروں اور معاونین کو واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ اپنے ذاتی اخراجات قومی خزانے پر بوجھ بنانے کے بجائے خود برداشت کریں، جبکہ بیوروکریسی کو حاصل بعض غیر ضروری مراعات کو بھی محدود کیا گیا تاکہ قومی وسائل کو عوامی مفاد میں استعمال کیا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے اخراجات میں کمی کے نتیجے میں حاصل ہونے والی بچت کو عوامی فلاح و بہبود، تعلیم، صحت، بنیادی سہولیات، انفراسٹرکچر کی بہتری اور دیگر ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کیا جا رہا ہے تاکہ عام شہری کو براہ راست ریلیف فراہم کیا جا سکے۔رکن پنجاب اسمبلی نے کہا کہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں حکومت عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل کے لیے دن رات کوشاں ہے۔ ملک کو معاشی استحکام کی راہ پر گامزن کرنے، سرمایہ کاری کے فروغ، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور عوام کا معیارِ زندگی بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مسلم لیگ (ن) عوام کی خدمت، جمہوری روایات کے فروغ، قومی یکجہتی اور ملکی ترقی کے سفر کو مزید تیز کرے گی تاکہ پاکستان کو ایک مضبوط، مستحکم اور خوشحال ریاست بنایا جا سکے۔*