اسلام آباد:(تازہ ترین سٹار نیوز ایچ ڈی آن لائن) تفصیلات کے مطابق بی این پی مینگل نے تحریک انصاف اتحاد سے علیحدگی کا اعلان کر دیا۔

قومی اسمبلی اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے بی این پی مینگل کے سربراہ اختر مینگل نے کہا کہ میں آج ایوان میں پی ٹی آئی حکومت سے علیحدگی کا اعلان کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہم ایوان میں موجود رہیں گے اور اپنی بات کرتے رہیں گے۔

اختر مینگل نے کہا کہ حکمران جماعت نے ہمارے ساتھ بلوچستان کی ترقی کے حوالے سے معاہدہ کیا تھا۔ کیا ان معاہدوں پر عملدرآمد کیا گیا ؟ اس معاہدے پر شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین اور یار محمد رند کے دستخط ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم کوئی کالونی نہیں ہیں ہمیں اس ملک کا شہری سمجھا جائے۔ ہم نے دو سال انتظار کیا لیکن ابھی بھی وقت مانگا جارہا ہے۔

اختر مینگل نے کہا کہ بلوچستان کا مسئلہ سیاسی ہے اور ہم نے اسے سیاسی طریقے سے حل کرنے کی کوشش کی ہے۔ ہمارے نکات سے بلوچستان کے مسائل حل نہیں ہونے تھے لیکن ہمیں ساتھ لے کر تو چلا جائے۔