فیصل آباد۔،سوشل میڈیا پر انتہاء پسندی اور فرقہ واریت پر مبنی مواد پھیلانے کی کوششیں تیز ہو چکی ہیں،صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی

فیصل آباد (سٹار نیوز آن لائن ) سوشل میڈیا پر انتہاء پسندی اور فرقہ واریت پر مبنی مواد پھیلانے کی کوششیں تیز ہو چکی ہیں جن کی پشت پناہی بعض دشمن ممالک سے ہو رہی ہے۔ سوشل میڈیا پر فرقہ واریت پھیلانے اور اسلام کی مقدس شخصیات کی توہین کرنے اور انتہاء پسندی کو فروغ دینے والوں کے خلاف حکومت سخت ایکشن لے۔ فرقہ وارانہ تشدد پاکستان کیلئے اتنا ہی خطرنا ک ہے جتنی دہشت گردی ملک کیلئے نقصان دہ ہے۔
ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کی کاروائی کو بہتر بنایا جائے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے تحقیقات کریں کہ ان عناصر کے پیچھے کون سے عوامل کار فرما ہیں، علمائے کرام اس سلسلہ میں مشترکہ آواز اٹھائیں چیئرمین مرکزی علماء کونسل ، سیکرٹری جنرل انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ پاکستان صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے مرکزی جامع مسجد گول فیصل آباد میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف ملک میں کرونا وائرس دوسری طرف ایل او سی پر بھارتی جارحیت ۔پاکستان دشمن قوتیں وطن عزیز میں فرقہ وارانہ اور لسانی رنگ کو ہوا دے کر اپنے مذموم مقاصد پورا کرنا چاہتی ہیں۔ وطن عزیز کے دشمنوں کی طرف سے قوم کو تقسیم کرنے کی مہم تیزی سے سوشل میڈیا پر پھیلائی جا رہی ہے۔جوکہ انتہائی قابل افسوس ہے اور ہم سب کو محتاط اور ہوشیار رہنا چاہئے اور دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنانا چاہئے۔ انہوں نے تمام مذہبی حلقوں اور عوام سے اپیل کی ہے کہ سوشل میڈیا پر بلاتصدیق پوسٹ کو شیئر نہ کیا جائے۔
اختلافی مسائل سے ہر ممکن بچنے کی کوشش کریں۔انتہاء پسندی ، دہشت گردی اور فرقہ واریت پھیلانے کے پیچھے اسرائیل، بھارت اور قادیانی ملوث ہیں۔ملک کے مقتدر اداروں کو ان کی طرف بھی توجہ دینا ہو گی۔مرکزی علماء کونسل، پاکستان کے قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے پرامن جدو جہد کررہی ہے ملک میں امن، سلامی دہشت گردی کے خاتمے میں اپنا فعال کردار ادا کررہے ہیں۔
علماء قانون شکنی کے ہر رحجان کی حوصلہ شکنی کریں۔سوشل میڈیا پر اسلام اور پاکستان کے خلاف ہونے والی ہر سازش کے خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ معاشرے کے اندر تشدد کے رحجان کو ختم کرنے مثبت تبدیلی لانے کیلئے علماء جدوجہد کریں ۔ اجتماع کے آخر میں جامعہ بنوریہ کراچی کے مہتمم مفتی محمد نعیم، دار العلوم زکریا، اسلام آبادکے مہتمم پیر عزیز الرحمن ہزاروی،سید منور حسن سابق امیر جماعت اسلامی کیلئے خصوصی طور پر دعائے مغفرت کروائی گئی