ٹوبہ ٹیک سنگھ سابق ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ چوہدری فقیر محمد نے ٹوبہ ٹیک سنگھ میں واقع اپنی کروڑوں روپے مالیت کی اڑھائی کنال کمرشل اراضی ڈاکٹر عبدالقدیر خاں ٹرسٹ ہسپتال لاہور کے نام فی سبیل اللہ وقف کر دی
ٹوبہ ٹیک سنگھ( سٹار نیوز آن لائن) سابق ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ چوہدری فقیر محمد نے ٹوبہ ٹیک سنگھ میں واقع اپنی کروڑوں روپے مالیت کی اڑھائی کنال کمرشل اراضی ڈاکٹر عبدالقدیر خاں ٹرسٹ ہسپتال لاہور کے نام فی سبیل اللہ وقف کر دی، سابق ڈی سی چوہدری فقیر محمد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خدمت خلق بہترین عبادت کا درجہ رکھتی ہے، دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت سے دل کو جو سکون ملتا ہے وہ لفظوں میں بیان نہیں کیا جاسکتا، انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خاں ملکی ہیرو ہیں، جو پاکستانی قوم کی خدمت کر رہے ہیں، وہ چاہتے ہیں کہ لاہور جیسے بڑے شہر کی طرح ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی لوگوں کو علاج معالجہ کی جدید سہولیات مفت دستیاب ہو سکیں، یہاں ہسپتال بنے گا تو غریب عوام کو علاج معالجہ کیلئے بڑے شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا، واضح رہے کہ چوہدری فقیر محمد مختلف اوقات میں ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ساڑھے آٹھ سال تک اسسٹنٹ کمشنر، ڈپٹی کمشنر سمیت مختلف عہدوں پر تعینات رہے اور انہوں نے اس وقت ریونیو کالونی میں سرکاری طور پر ملنے والی اپنی قیمتی اراضی جسکی موجودہ قیمت پانچ کروڑ روپے سے زائد ہے ڈاکٹر اے کیو خاں ٹرسٹ ہسپتال لاہور کے نام وقف کر دی ہے، وہ آج کل پتوکی میں ریٹائرڈ زندگی بسر کر رہے ہیں ٹوبہ ٹیک سنگھ کے سماجی حلقوں نے بھی چوہدری فقیر محمد کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ڈاکٹر اے کیو خاں ٹرسٹ کی انتظامیہ جلد مذکورہ جگہ پر بڑے ہسپتال کی بنیاد رکھے گی۔
رپورٹ
اسد مسعود بیوروچیف سٹار نیوز ٹوبہ ٹیک سنگھ












