خانیوال، پلانٹ فار پاکستان مہم کے سلسلہ میں مرکزی تقریب، ضلع بھر میں ٹائیگر ڈے پر 82 ہزار پودے لگائے گئے،10 ہزار پودے عوام میں مفت تقسیم
تفصیلات کے مطابق (سٹار نیوز) ضلع خانیوال میں وزیراعظم ٹائیگرز فورس ڈے کے موقع پر پلانٹ فار پاکستان مہم کے سلسلہ میں مرکزی تقریب پیرووال فارسٹ میں منعقد ہوئی، ٹائیگرز فورس ڈے پرپیرووال فاریسٹ میں ایک دن میں 14 ہزار 500 پودے لگائے گئے جب کہ 10 ہزار پودے عوام میں مفت تقسیم کیے گئے ۔ضلع خانیوال میں ٹائیگر ڈے پر 82 ہزار پودے لگائے گئے اس کیساتھ سات دن میں ضلع بھر میں اڑھائی لاکھ پودے لگائے جائیں گے ۔وفاقی وزیر فوڈ سیکورٹی جناب سید فخر امام شاہ صاحب ایم این اے کبیروالا ،صوبائی وزیر منیجمنٹ اینڈ پروفیشنل ڈویلپمنٹ پنجاب سید حسین جہانیاں گردیزی ،کمشنر ملتان ڈویژن شان الحق ،ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر شیرازی ،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد علی وسیم نے ٹائیگر فورس کے ہمراہ پیرووال جنگل میں پودے لگائے ۔ایم پی اے شاہد ہ احمد حیات اورضلعی صدر پاکستان تحریک انصاف مہر عمران پرویز دھول بھی ان کے ہمراہ تھے پیرووال فاریسٹ میں منعقدہ مرکزی تقریب میں ٹائیگر فورس کے رضاکاروں ،سیاسی و سماجی شخصیات ،عوام الناس اور میڈیا نمائندگان نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی ۔وفاقی وزیر فوڈ سیکورٹی سید فخر امام نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان بلین ٹری منصوبہ انقلابی پروگرام ہے اسے بڑھایا جائے گا انہوں نے کہا کہ جنگلات کا شعبہ بھی زراعت کا ایک حصہ ہے حکومت اسے مزید فروغ دے گی جس سے پاکستان کی معیشت مضبوط ہوگی اور خوشحالی آئے گی ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں کورونا ٹائیگر فورس کا کردار نہایت قابل ستائش ہے ۔صوبائی وزیر مینجمنٹ اینڈ پروفیشنل ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب سید حسین جہانیاں گردیزی نے کہا کہ ٹائیگر فورس کا پبلک سروس میں کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے جتنی شجرکاری کرائی ہے اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی ۔کمشنر ملتان ڈویژن شان الحق نے کہا کہ درخت لگانا ہی کافی نہیں بلکہ ان کی حفاظت بھی کی جائے ۔تقریب سے ضلعی صدر پی ٹی آئی مہر عمران پرویز دھول اور ٹائیگر فورس کے رضا کاروں نے بھی خطاب کیا،
رپورٹ بشری وکیل بیوروچیف سٹار نیوز













