کراچی: شہرقائد سمیت سندھ بھر میں ہونے والی موسلادھار بارش نے نظام زندگی درہم برہم کردیا، کراچی میں سڑکیں تالاب بن گئیں اور پانی گھروں میں داخل ہوگیا جبکہ بیشتر علاقوں میں بجلی معطل ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوئی جن میں آئی آئی چند ریگر روڈ، صدر، کھارادر، کورنگی، لانڈھی، گلشن حدید، نیو کراچی، نارتھ کراچی، ملیر، ائیرپورٹ اور دیگر علاقوں میں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، نکاسی آب کا ناقص انتظام ہونے کے باعث معمولات زندگی درہم برہم ہوگئے۔

بارش کے بعد ناگن چورنگی اور شادمان پھر پانی پانی

کرچی کے علاقے ناگن چورنگی اور شادمان بارش کے باعث پھر پانی پانی ہوگئے، سندھ حکومت کی رین ایمرجنسی پانی میں بہہ گئی، دونوں علاقوں میں نالہ اوور فلو ہوگیا، برساتی پانی کے ساتھ نالے کا پانی اور کچرا سڑکوں، گلیوں میں جمع ہوگیا، پانی جمع ہونے کے باعث علاقہ مکین گھروں میں محصور ہیں۔