شکرگڑھ میں اوباش شخص نے10 سالہ بچی کو زیادتی کا نشانہ بنا دیا،

شکرگڑھ (سٹار نیوز آن لائن ) شکرگڑھ میں اوباش شخص نے10 سالہ بچی کو زیادتی کا نشانہ بنا دیا، بچی کھیتوں میں مویشی چھوڑنے گئی تھی، پولیس بچی کی والدہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا ہے۔ پولیس کے مطابق شکرگڑھ کے تھانہ لیسر کی حدود میں ایک اور معصوم بچی کے ساتھ زیادتی کا واقعہ پیش آیا ہے۔ تھانہ لیسر کی حدود میں واقع گاؤں میں ایک بچی کھیتوں میں مویشی چھوڑنے گئی تھی کہ ایک اوباش شخص نے جنسی زیادتی کا نشانہ بنا دیا۔
جبکہ ملزم موقع سے فرار ہوگیا ہے۔ پولیس نے والدہ کی مدعیت میں ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ جبکہ پولیس نے متاثرہ بچی کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا ہے۔ یاد رہے پاکستان میں پچھلے کچھ عرصے میں ہی جنسی زیادتی تشدد اور زنا بالاجبر کے واقعات سمیت شہری اپنے گھروں میں بھی غیرمحفوظ ہوگئے ہیں۔لاہور کے علاقے گجر پورہ میں موٹروے زیادتی کیس کی تفتیش جاری ہے لیکن اس کے ساتھ دوسرے شہروں اور علاقوں میں ڈکیتی، چوری اور تشدد زیادتی کے واقعات جاری ہیں۔
اسلام آباد کے علاقے لوہی بھیر میں 6 ملزمان نے بھٹہ مزدور کی بیوی اوراس کے سالے کی بیوی کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ اندراج مقدمہ کے دائر ایف آئی آر میں کہا گیا کہ چھ ڈاکوؤں نے گھر میں گھس کر خواتین کو زیادتی کا نشانہ بنایا اور لوٹ مار کرکے فرار ہوگئے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے واقعے میں ملوث 4 ملزمان گرفتارکر لیا ہے جبکہ 2 ملزمان کی تلاش کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ ملزمان کی جانب سے دھمکیاں دینے پر بھٹہ مزدور کا خاندان اسلام آباد چھوڑ کر کھاریاں میں اپنے رشتہ داروں کے پاس منتقل ہوگیا ہے۔ اسی طرح کراچی میں بھی گیارہ سالہ بچے کو دکاندار نے اپنی ہوس کا نشانہ بنا ڈالا۔ پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے کلفٹن میں واقع گزری میں موبائل شاپ پر کام کرنے والے گیارہ سالہ بچے کو دکاندار نے زیادتی کا نشانہ بنایا۔
بچے کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹر نے میڈیکل کیا تو رپورٹ میں زیادتی ثابت ہوگئی۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے مفرور ملزم کی تلاش شروع کردی ہے۔اہل خانہ نے بتایا کہ متاثرہ بچہ موبائل کی دکان پر کام کرتا تھا جہاں اسے دکاندار نے زیادتی کا نشانہ بنایا۔ دوسری جانب لاہور موٹروے پر خاتون زیادتی کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ فرانزک لیبارٹری میں پہلے سے موجود ایک اشتہاری مفرور ملزم کے ڈی این اے کے نمونے خاتون کے نمونوں سے میچ کر گئے ہیں۔ جس پر پولیس نے ملزم عابد کی گرفتاری کیلئے کاروائی شروع کردی ہے۔