محکمہ اوقاف کی زمین کے تنازعہ میں ایک نوجوان قتل دوسرے کو ٹانگ میں فائر لگنے سے معذور ہو گیا،محکمہ اوقاف کے منیجر اور پٹواری نے غیر قانونی طریقے سے 4 ایکڑ رقبہ ہمارے مخالفین کو دے دیا،قتل کے مقدمہ میں تھانہ وریام کی پولیس نے 8 ملزمان میں سے 5 ملزمان کو بے گناہ کر دیا،اہلیان علاقہ

بارہ میل(نامہ نگار)محکمہ اوقاف کی زمین کے تنازعہ میں ایک نوجوان قتل دوسرے کو ٹانگ میں فائر لگنے سے معذور ہو گیا،محکمہ اوقاف کے منیجر اور پٹواری نے غیر قانونی طریقے سے 4 ایکڑ رقبہ ہمارے مخالفین کو دے دیا،قتل کے مقدمہ میں تھانہ وریام کی پولیس نے 8 ملزمان میں سے 5 ملزمان کو بے گناہ کر دیا،اہلیان علاقہ کا محکمہ اوقاف اور پولیس کے خلاف سخت احتجاج، ہمیں انصاف چاہیے،شاہد عمران بھٹی ودیگر کا میڈیا کو بیان۔تفصیل کے مطابق نواحی علاقہ تھانہ وریام قائم بھروانہ سکنہ بستی سیداں والی کے رہائشی شاہد عمران بھٹی کے پاس محکمہ اوقاف کا 12 ایکڑ رقبہ تھا جس کو وہ کافی عرصہ سے کاشت کر رہے تھے،محکمہ اوقاف کے منیجر اور پٹواری نے پیسے کے لالچ میں 4 ایکڑ رقبہ غیر قانونی طریقے سے صفدر حسین ولد نذیر راجپوت کو دے دیا حالانکہ 12 ایکڑ رقبے کی سالانہ سرکاری رقم شاہد عمران بھٹی ادا کر رہا تھا اس سلسلے میں شاہد عمران بھٹی نے عدالت عالیہ سے سٹے آڈر لے لیا اور حصول انصاف کے لیے محکمہ اوقاف کے افسران کو درخواست دے دی جس پر محکمہ اوقاف کا منیجر اپنے عملے کے ساتھ موقع پہنچ گیا جہاں پر اس نے شاہد عمران بھٹی کو کہا کہ موقع پر جاکر رقبہ اور راستہ واگزار کرواتے ہیں جب موقع پر سب پہنچ گئے تو مخالف پارٹی نے سیدھی فائرنگ شروع کر دی جس سے شاہد عمران بھٹی کا نوجوان بھائی محمد وارث موقع پر جان کی بازی ہار گیا اور اس کا والد نور محمد شدید زخمی ہو گیا اور بعد میں ایک ٹانگ سے معذور ہو گیا تھانہ وریام میں نامزد ملزمان صفدر حسین راجپوت،حق نواز عرف لکھی سمیت 8 ملزمان کے خلاف زیر دفعہ 302 کے تحت مقدمہ درج ہوا کچھ ہی دن بعد پولیس نے،،چمک کی کمال،، سے سادہ لوح اور ان پڑھ مدعی شاہد عمران بھٹی کو ورغلا کر سادہ کاغذات پر انگوٹھے لگوا کر 5 ملزمان بے گناہ کر دیے اور باقی 3 ملزمان کو بھی گرفتار نہ کیا گیا بلکہ ان کو بے گناہ کرنے کے لیے بھاری رقم کی پولیس ڈیمانڈ کر رہی ہے،مدعی شاہد عمران بھٹی پولیس کے افسران کے پاس پیش بھی ہوا لیکن انصاف نہ مل سکا،اس سلسلے میں گذشتہ روز اہلیان علاقہ کی کثیر تعداد نے محکمہ اوقاف اور پولیس کے خلاف سخت احتجاج کیا پولیس مردہ باد کے نعرے بھی لگائے گئے اس موقع پر مقدمہ مدعی شاہد عمران بھٹی اور اہلیان علاقہ نے میڈیا کو بتایا کہ ہمیں 12 ایکڑ زمین بھی کاشت کرنے دی جائے اور ہمارے والد اور بھائی کے قاتلوں کو سزا دی جائے ورنہ ہم آئی جی پنجاب کے آفس کے باہر احتجاجی دھرنا دیں گے۔

11 نومبر 2023ء