کاشتکار گندم کی بجائی 20 نومبر تک مکمل کرلیں،رانا محمد عارف،گندم کی بھرپور پیداوار کے لیے ترقی دادہ اقسام کاشت کریں،ڈاکٹر منظور گل۔

بارہ میل(نامہ نگار)کاشتکار گندم کی بجائی 20 نومبر تک مکمل کرلیں،رانا محمد عارف،گندم کی بھرپور پیداوار کے لیے ترقی دادہ اقسام کاشت کریں،ڈاکٹر منظور گل۔کبیروالا کے نواحی گاؤں موضع جیمس آباد میں مہر خضر حیات کے ڈیرہ پر محکمہ زراعت کبیروالا کی طرف سے زیادہ گندم اگاؤ مہم کے سلسلے میں زرعی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔سیمینار میں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت خانیوال رانا محمد عارف اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت کبیروالا ڈاکٹر منظور احمد گل نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ڈاکٹر منظور احمد گل نے کسانوں کو گندم کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی کے بارے میں رہنمائی کی۔ان کا کہنا تھا کہ گندم کی بروقت کاشت،کھادوں کے متوازن اور متناسب استعمال،نازک مراحل پر آبپاشی اور جڑی بوٹیوں کے بروقت تدارک سے بہتر پیداوار کا حصول ممکن ہے۔رانا محمد عارف ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت خانیوال نے کاشت کاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امسال گندم کی کاشت زیادہ سے زیادہ رقبہ پر کریں اور جدید پیداواری ٹیکنالوجی پر عمل پیرا ہو کر بہتر فی ایکڑ پیداوار حاصل کریں تاکہ پاکستان گندم کے حوالے سے خود کفیل ہو سکے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ محکمہ زراعت کا عملہ ہر وقت اپنے کسان بھائیوں کے شانہ بشانہ موجود ہے۔ اس موقع پر کسانوں کی کثیر تعداد نے سیمینار میں شرکت کی اور محکمہ زراعت کی کاوشوں کو سراہا۔

رپورٹ مظہر حسین باٹی