کسان رہنماء حاکم خان سیال ایڈوکیٹ کی جانب سے خدمت خلق کا سفر جاری
اہلیان موضع وجھلانہ و گرد و نواح کیلئے مسجد ، مدرسہ اور قرآن اکیڈمی فی سبیل اللہ تعمیر کروا دی۔

جھنگ ( رائے منظور احمد عابد سے) کسان رہنماء مشہور و معروف سیاسی و سماجی شخصیت حاکم خان سیال ایڈوکیٹ نے خدمت خلق کے تحت اہلیان موضع وجھلانہ و گرد و نواح کیلئے قران اکیڈمی و مدرسہ متصل جامع مسجد حسین ابن علی ( موضع وجھلانہ ) فی سبیل اللہ تعمیر کروا دی جس کا افتتاح بدست مہمان خصوصی بیرسٹر مخدوم شایان عباس قریشی ( فرزند کرنل ریٹائرڈ غضنفر قریشی ایم پی اے پی پی 128 ) سے کروایا گیا ۔ اس موقع پر حاجی ندیم ( ککے زئی کلاتھ ہاؤس والے ) حاجی عابد حسین سیال ، سرفراز خان مگھیانہ ، غلام سرور وجھلانہ ، ملک احمد علی اور امام مسجد مولوی محمد اشرف سمیت معززین علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ شرکاء تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی بیرسٹر مخدوم شایان عباس قریشی کا کہنا تھا کہ مہر حاکم خان سیال ایڈوکیٹ کی جانب سے اہلیان علاقہ میں مسجد کی تعمیر اور قرآن اکیڈمی و مدرسہ کا اہتمام کرنا احسن اور نیک عمل ہے جس کا اجر اللہ تعالیٰ ان کو ضرور دیں گے ۔ اہلیان علاقہ اور مسافر اس مسجد میں اللہ تبارک و تعالیٰ کی عبادت کریں گے اور مدرسہ و قرآن اکیڈمی میں طلباء و طالبات قرآن پاک و دینی تعلیم حاصل کریں گے جو صدقہ جاریہ ہے ۔ نیکی کے اس کام میں ان شاء اللہ وہ حاکم خان سیال کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔ حاکم خان سیال نے شرکاء کی آمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ مسجد و مدرسہ ذات پات یا کسی بھی خاص مسلک کیلئے نہیں بلکہ تمام مسلمانوں کیلئے بنایا گیا ہے جس میں ہر طبقہ فکر کے لوگوں کو عبادت کرنے کی اجازت ہے ۔ اس موقع پر شرکاء تقریب کیلئے پُرتکلف ظہرانے کا بھی انتظام کیا گیا تھا ۔