حضرت اسماعیل علیہ السلام کی قربانی ہمیں اطاعت و ایثار کا درس دیتی ہے: مولانا زاہد محمود قاسمی
ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انور سے)چیئرمین مرکزی علماء کونسل اور جنرل سیکرٹری انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ پاکستان، معروف عالم دین حضرت مولانا صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے کہا ہے کہ حضرت سیدنا اسماعیل علیہ السلام کی عظیم الشان قربانی امت مسلمہ کے لیے اطاعت، ایثار اور وفاداری کا عملی نمونہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد گول، فیصل آباد میں حضرت اسماعیل علیہ السلام کی قربانی کی یاد میں منعقدہ ایک روحانی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ قربانی صرف جانور ذبح کرنے کا نام نہیں، بلکہ یہ اپنے نفس، خواہشات اور دنیاوی حرص کی قربانی کا بھی پیغام دیتی ہے۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی سنت ہمیں اللہ کے حکم کے آگے سرتسلیم خم کرنے کی عملی مثال فراہم کرتی ہے۔مولانا زاہد محمود قاسمی نے مزید کہا کہ آج امت کو اخلاص، اتحاد اور تقویٰ کی جتنی ضرورت ہے، شاید اس سے پہلے کبھی نہ تھی۔ ہمیں چاہیے کہ ہم حضرت اسماعیل علیہ السلام کی سیرت کو مشعل راہ بناتے ہوئے اپنے اندر قربانی، صبر اور اللہ تعالیٰ کی رضا کی طلب پیدا کریں۔تقریب میں علماء کرام، مشائخ عظام، طلبہ اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور مولانا قاسمی کے بصیرت افروز خطاب کو توجہ سے سنا۔












