ٹوبہ ٹیک سنگھ: ٹریفک پولیس کا کم عمر موٹر سائیکل سواروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری

ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انور)ٹریفک پولیس ٹوبہ ٹیک سنگھ کی جانب سے کم عمر موٹر سائیکل اور رکشہ چلانے والوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔ اس ضمن میں ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر (ڈی ٹی او) عاطف ندیم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف، انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب، ڈی آئی جی ٹریفک پولیس فرقان مرزا اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ٹوبہ ٹیک سنگھ محمد عبادت نثار کی خصوصی ہدایات پر عمل درآمد کرتے ہوئے یہ کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ڈی ٹی او عاطف ندیم کے مطابق شہر بھر میں بلیک پیپر گاڑیوں اور نوعمر ڈرائیورز کے خلاف مؤثر کارروائی جاری ہے۔ ایسے کم عمر افراد جو موٹر سائیکل یا رکشہ چلا رہے ہیں، ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ انہوں نے والدین کو بھی خبردار کیا ہے کہ اگر وہ اپنے کم عمر بچوں کو گاڑیاں چلانے کی اجازت دیں گے تو ان کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے گا تاکہ سڑکوں پر حادثات کی روک تھام کی جا سکے اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ عاطف ندیم نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ قانون کا احترام کریں اور اپنے بچوں کو اس قسم کی خطرناک سرگرمیوں سے روکیں تاکہ معاشرے کو محفوظ بنایا جا سکے۔