ارشد ندیم کی ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں شاندار کامیابی، پاکستان مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر چوہدری امجد علی جاوید ایڈووکیٹ کی جانب سے مبارکباد
ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انور ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر، رکن صوبائی اسمبلی اور معروف سینئر قانون دان چوہدری امجد علی جاوید ایڈووکیٹ نے ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیتنے پر پاکستان کے نامور ایتھلیٹ ارشد ندیم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔انہوں نے اپنے تہنیتی بیان میں کہا کہ ارشد ندیم نے اپنی محنت، لگن اور غیر معمولی صلاحیتوں کے ذریعے نہ صرف ملک کا نام روشن کیا بلکہ پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ ان کا یہ کارنامہ نوجوان نسل کے لیے مشعل راہ ہے اور اس سے یہ پیغام ملتا ہے کہ اگر نیت نیک ہو اور جذبہ صادق ہو تو کامیابی کسی بھی سطح پر حاصل کی جا سکتی ہے۔چوہدری امجد علی جاوید ایڈووکیٹ نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ ارشد ندیم جیسے قومی ہیروز کی مکمل سرپرستی کی جائے اور انہیں بین الاقوامی معیار کی سہولیات اور وسائل فراہم کیے جائیں تاکہ وہ مستقبل میں بھی ملک کے لیے مزید کامیابیاں سمیٹ سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹیلنٹ کی کمی نہیں، ضرورت صرف اس کی ہے کہ ہم ان نوجوانوں کو بھرپور مواقع دیں۔ ارشد ندیم کی کامیابی سے پاکستان کے مثبت تشخص کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں مدد ملی ہے۔













