ٹوبہ ٹیک سنگھ: تمباکو نوشی کا عالمی دن، نوجوانوں کو تمباکو کی لت سے بچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے، سی ای او ایجوکیشن جھنگ عقیلہ انتخاب خان
ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انور سے)چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی جھنگ، محترمہ عقیلہ انتخاب خان نے کہا ہے کہ تمباکو نوشی کا عالمی دن تمباکو اور نیکوٹین کی لت کے خلاف جاری عالمی جدوجہد کی ایک اہم یاد دہانی ہے۔ اس دن کو منانے کا مقصد عوام، خاص طور پر نوجوان نسل کو تمباکو کے مضر اثرات سے آگاہ کرنا اور انہیں صحت مند طرز زندگی اپنانے کی ترغیب دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ تمباکو کی صنعت کے حربے نہایت نفیس اور بظاہر پرکشش ہونے کے باوجود نوجوانوں کے لیے انتہائی نقصان دہ ہیں۔ نوجوان نسل کو تمباکو سے دور رکھنے کے لیے ہمیں بیداری پیدا کرنے، مؤثر پالیسیوں کی تشکیل و عملدرآمد، اور تمباکو چھوڑنے کے خواہشمند افراد کو مناسب رہنمائی و مدد فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔محترمہ عقیلہ انتخاب خان نے اس بات پر زور دیا کہ اسکولوں اور تعلیمی اداروں میں تمباکو کے خلاف آگاہی مہمات کا انعقاد نہایت ضروری ہے تاکہ طالبعلم تمباکو نوشی کے خطرات سے مکمل طور پر باخبر ہوں۔ انہوں نے والدین، اساتذہ اور معاشرے کے تمام طبقات پر زور دیا کہ وہ مل کر اس ناسور کے خلاف جنگ میں اپنا کردار ادا کریں۔عالمی ادارہ صحت کے مطابق تمباکو نوشی دنیا بھر میں اموات اور بیماریوں کی ایک بڑی وجہ ہے۔ اس کے خلاف موثر اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں تاکہ ایک صحت مند اور خوشحال معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔













