بے سہارا مریضوں کے لیے زکوٰۃ فنڈز سے ادویات کی فراہمی میں تاخیر، مریض سراپا احتجاج

ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انور سے):
محکمہ زکوٰۃ حکومت پنجاب کی جانب سے بے سہارا اور نادار مریضوں کے لیے ادویات کی فراہمی کے سلسلے میں 12 مئی کو جاری کیے جانے والے 20 لاکھ روپے کے چیک پر تاحال کوئی عملی پیش رفت نہ ہو سکی۔ 16 مئی کو سوشل میڈیکل آفیسر کی تعیناتی کے باوجود متعلقہ حکام نے موقف اختیار کیا ہے کہ عید کے بعد ہی اس کام کو شروع کیا جائے گا۔اس تاخیر پر متاثرہ مریضوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی کے اس دور میں مہنگے داموں بازار سے ادویات خریدنا ان کے بس سے باہر ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ زکوٰۃ فنڈ کا مقصد ہی بے سہارا افراد کی مدد کرنا ہے، لیکن افسران کی عدم دلچسپی اور سستی کی وجہ سے مستحقین شدید مشکلات کا شکار ہیں۔مریضوں نے وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف سے اپیل کی ہے کہ وہ اس صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور زکوٰۃ فنڈز کے اجراء میں تاخیر کے ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ مستحق مریضوں کو بروقت اور مفت ادویات کی فراہمی ممکن ہو سکے۔