درخت ماحولیاتی تحفظ کا مؤثر ذریعہ ہیں، زیادہ سے زیادہ شجرکاری کی ضرورت ہے: چوہدری ماجد ستار فخری ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے حکومت مؤثر اقدامات کرے،معروف کالم نگار محمد زاہد مجید انور سے گفتگو
ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انور سے)
چیف ڈائریکٹر سلطان بناسپتی کوکنگ آئل ملز انڈسٹری ملتان اور سی ای او سلطان فاؤنڈیشن ہائی سکول ٹوبہ ٹیک سنگھ، چوہدری ماجد ستار فخری نے کہا ہے کہ درخت انسانوں کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں، یہ ماحولیاتی تحفظ، صحت مند زندگی، اور فطرت کے توازن کو برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ موجودہ دور میں رونما ہونے والی خطرناک ماحولیاتی تبدیلیوں سے بچنے کا واحد حل یہی ہے کہ زیادہ سے زیادہ شجرکاری کی جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ڈسٹرکٹ انجمن صحافیاں کے ضلعی صدر اور معروف کالم نگار محمد زاہد مجید انور سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ درخت نہ صرف خوراک، پناہ گاہ، آکسیجن، اور لکڑی جیسی نعمتیں فراہم کرتے ہیں بلکہ ہوا کو صاف، ماحول کو ٹھنڈا، اور زمین کو کٹاؤ و لینڈ سلائیڈنگ سے محفوظ رکھتے ہیں۔چوہدری ماجد ستار فخری نے مزید کہا کہ درخت دماغی صحت پر مثبت اثر ڈالتے ہیں اور قدرتی آفات، خاص طور پر بڑھتی ہوئی گرمی سے بھی حفاظت کا ذریعہ بنتے ہیں۔ درختوں سے انسانوں کے ساتھ ساتھ جانور اور پرندے بھی مستفید ہوتے ہیں، انہیں سایہ، پھل اور پناہ گاہ میسر آتی ہے۔انہوں نے تجویز دی کہ حکومت کو سرکاری سطح پر شجرکاری مہم کو مؤثر بنانے کے لیے کمشنر، ڈپٹی کمشنر، اور اسسٹنٹ کمشنر کو ٹاسک دیا جائے کہ وہ اپنے علاقوں کے بڑے زمینداروں، نمبرداروں اور بلدیاتی نمائندوں کو مفت پودے فراہم کریں۔ یہ پودے ان کے اپنے حلقوں میں محفوظ مقامات پر لگائے جائیں جہاں ان کی مناسب دیکھ بھال بھی ممکن ہو۔چوہدری ماجد ستار نے مزید کہا کہ شہر سے تمام چکوک کو جانے والے روڈز اور نہروں کے دونوں اطراف درخت لگائے جائیں تاکہ گرین بیلٹس کی صورت میں ایک قدرتی خوبصورتی اور ماحولیاتی تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ذاتی اور اجتماعی سطح پر شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ آنے والی نسلوں کو ایک صاف، صحت مند اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔












