حاجی چوہدری محمد اکبر علی میو کی سپر لیگ ٹورنامنٹ میں بطور مہمان خصوصی شرکت، چوہدری عمر حیات ایڈووکیٹ اور ماسٹر خالد میو کا بھی خطاب

احمد پور سیال (تحصیل رپورٹر) پاکستان میو اتحاد کے صدر حاجی چوہدری محمد اکبر علی میو نے اپنے معزز رفقاء چوہدری ماسٹر خالد میو، چوہدری محمد عمر حیات ایڈووکیٹ اور چوہدری محمد عرفان خالد میو صدر پریس کلب احمد پور سیال کے ہمراہ میکن کالونی احمد پور سیال میں منعقدہ سپر لیگ ٹورنامنٹ میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ٹورنامنٹ کے دوران شاندار کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے حاجی چوہدری محمد اکبر علی میو نے کہا کہ کھیل نوجوانوں کی کردار سازی اور جسمانی صحت کے لیے نہایت اہم ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس قسم کے مثبت اقدامات نوجوانوں کو منشیات اور منفی سرگرمیوں سے بچا کر معاشرے کا کارآمد فرد بناتے ہیں۔ انہوں نے منتظمین کو خراجِ تحسین پیش کیا اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری محمد عمر حیات ایڈووکیٹ نے کہا کہ نوجوان قوم کا سرمایہ ہیں اور انہیں تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں میں بھی آگے آنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ایونٹس سے علاقے میں خوشی اور اتحاد کا پیغام جاتا ہے، اور ہمیں چاہیے کہ ہم اپنی نوجوان نسل کو زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کریں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کر سکیں۔چوہدری ماسٹر خالد میو نے بھی اپنے خطاب میں کھیلوں کے فروغ کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ آج کے نوجوان کل کے لیڈر ہیں، اور کھیل انہیں نظم و ضبط، ٹیم ورک اور قائدانہ صلاحیتوں کا درس دیتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی ایسے صحت مند اور مثبت مقابلوں کے انعقاد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے۔آخر میں چوہدری محمد عرفان خالد میو نے مہمانانِ گرامی اور تمام شائقین کا شکریہ ادا کیا اور سپر لیگ کے منتظمین کو کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔ تقریب میں بڑی تعداد میں علاقہ مکین، نوجوان، شائقینِ کھیل اور معززین علاقہ نے شرکت کی، جنہوں نے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا