وزیر اعلیٰ پنجاب نے عوام کو ڈینگی سے لڑنے کا حوصلہ دیا: اسسٹنٹ کمشنر منور حسین کملانہ سیال
ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انور سے)اسسٹنٹ کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ منور حسین کملانہ سیال نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی قیادت میں حکومت پنجاب نے ڈینگی جیسے موزی مرض کے خلاف بروقت اور مؤثر اقدامات اٹھا کر نہ صرف عوام کو اس مرض سے لڑنے کا شعور دیا ہے بلکہ ان کے دلوں سے اس کے خوف کو بھی ختم کیا ہے۔ ڈینگی کے خلاف حکمت عملی اور عملی اقدامات نے قوم کا عزم بیدار کیا، جس کے نتیجے میں ہم آج اس مہلک مرض کی ہولناکی کو کافی حد تک کم کرنے میں کامیاب ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے نہ صرف صوبہ بھر میں انسدادِ ڈینگی مہم کو فعال بنایا بلکہ اس کے لیے ہر سطح پر نگرانی، آگاہی اور صفائی کے نظام کو بھی بہتر کیا۔ یہی وجہ ہے کہ آج شہریوں کو مرض کے خلاف نہ صرف معلومات حاصل ہو چکی ہیں بلکہ وہ احتیاطی تدابیر پر بھی بھرپور عمل پیرا ہو رہے ہیں۔اسسٹنٹ کمشنر منور حسین کملانہ نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ بھی وزیر اعلیٰ کی ہدایات پر مکمل عملدرآمد کر رہی ہے، اور شہر کے ہر علاقے میں ڈینگی سے بچاؤ کی مہم جاری ہے۔ تمام سرکاری دفاتر، تعلیمی ادارے، ہسپتال اور عوامی مقامات پر خصوصی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، جبکہ گھر گھر جا کر ٹیمیں آگاہی فراہم کر رہی ہیں۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ڈینگی کے خلاف حکومتی کوششوں کا ساتھ دیں، اپنے ارد گرد صفائی رکھیں، پانی کے برتن ڈھانپ کر رکھیں، اور کسی بھی مشکوک مقام پر فوری اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔”ڈینگی کے خلاف یہ جنگ صرف حکومت کی نہیں، بلکہ ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں ہم سب مل کر اس چیلنج کو شکست دیں گے۔”
.رپورٹ۔ زاہد مجید انور












