ڈینگی سے بچاؤ کیلئے صفائی اور احتیاط لازم ہے: CEO ایجوکیشن جھنگ محترمہ عقیلہ انتخاب خان

ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انور سے)چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ضلع جھنگ محترمہ عقیلہ انتخاب خان نے کہا ہے کہ ڈینگی جیسے خطرناک اور موزی مرض سے بچاؤ کیلئے ہر فرد کو انفرادی اور اجتماعی سطح پر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں نہ صرف اپنے گھروں بلکہ اپنے ارد گرد کے ماحول کو بھی صاف ستھرا رکھنا چاہیے تاکہ ڈینگی مچھر کی افزائش کے امکانات کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔انہوں نے زور دیا کہ ڈینگی کی روک تھام صرف حکومتی اداروں کی نہیں بلکہ ہر شہری کی بھی ذمہ داری ہے۔ ہم سب کو مل کر معاشرے میں صفائی ستھرائی، پانی کے ذخائر کو ڈھانپنے، گملوں اور ٹائروں میں پانی جمع نہ ہونے دینے جیسے بنیادی اقدامات کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنانا ہوگا۔محترمہ عقیلہ انتخاب خان نے تعلیمی اداروں کی سطح پر بھی ڈینگی آگاہی مہم تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ طلباء و طالبات کو اس حوالے سے شعور دینا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ وہ خود بھی احتیاط کریں اور اپنے گھروں اور محلے میں بھی دوسروں کو آگاہ کریں۔انہوں نے کہا کہ سکول و کالج سربراہان اپنے اداروں میں باقاعدگی سے صفائی کروائیں، لان، گراسی پلاٹس اور پانی کے نکاسی والے مقامات کا جائزہ لیتے رہیں تاکہ کہیں بھی پانی کھڑا نہ ہو اور مچھر کی افزائش نہ ہو سکے۔آخر میں انہوں نے کہا کہ ضلعی حکومت اور محکمہ تعلیم مکمل طور پر متحرک ہے اور عوام کو چاہیے کہ وہ ان کوششوں کا ساتھ دیں تاکہ ڈینگی کو جڑ سے ختم کیا جا سکے۔”صفائی نصف ایمان ہے، اور ڈینگی سے بچاؤ کی سب سے مؤثر حکمت عملی بھی۔ آئیے مل کر اپنے پیارے وطن کو ڈینگی سے پاک بنائیں!”