اسرائیل کا ایران پر حملہ عالمی امن کے لیے خطرہ ہے، عالمی برادری نوٹس لے: چوہدری عمر سلیم گجر

ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انور سے) صدر ایوان صنعت وتجارت ٹوبہ ٹیک سنگھ، رچناء کلب کے جنرل سیکرٹری اور معروف سیاسی، سماجی و کاروباری شخصیت چوہدری عمر سلیم گجر نے ایران پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی اور خطے و عالمی امن کے لیے ایک سنگین خطرہ قرار دیا ہے۔اپنے جاری کردہ ایک بیان میں چوہدری عمر سلیم گجر نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت میں مسلسل اضافہ باعثِ تشویش ہے، جس پر عالمی برادری کو فوری نوٹس لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ایران پر بلا اشتعال حملہ اقوام متحدہ کے چارٹر، بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے، جو مشرقِ وسطیٰ کے امن کو بری طرح متاثر کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران ایک خودمختار ریاست ہے اور اسے اپنی سرزمین اور قومی سلامتی کے دفاع کا پورا حق حاصل ہے۔ کسی بھی ملک پر اس طرح کا حملہ بین الاقوامی اصولوں کے منافی اور ناقابلِ قبول ہے۔چوہدری عمر سلیم گجر نے مزید کہا کہ پاکستان کی کاروباری برادری ایرانی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور ہر سطح پر ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے عالمی اداروں اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اس خطرناک صورتحال پر فوری اور مؤثر کارروائی کریں تاکہ مزید خونریزی اور عدم استحکام سے بچا جا سکے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری کو اسرائیل کے اس اشتعال انگیز طرزِ عمل کا سخت نوٹس لیتے ہوئے فیصلہ کن اقدامات کرنا ہوں گے تاکہ مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن کو یقینی بنایا جا سکے۔