اسرائیل کی ایران پر جارحیت قابل مذمت ہے، عالمی برادری نوٹس لے: میاں ظفر رشید

ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انور سے)مرکزی انجمن تاجران ٹوبہ ٹیک سنگھ کے صدر اور شہر کی معروف سیاسی، سماجی و کاروباری شخصیت میاں ظفر رشید نے اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے کھلی جارحیت قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام اس حملے کو ایران کی خودمختاری اور سلامتی پر حملہ تصور کرتے ہیں، جو کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ دنیا کی کوئی آزاد اور خودمختار ریاست طاقت کے اس جابرانہ استعمال کی حمایت نہیں کر سکتی۔ اسرائیل کا یہ اقدام نہ صرف مشرقِ وسطیٰ بلکہ پوری دنیا کے امن کے لیے خطرہ ہے۔ ایران ہمارا برادر اسلامی ملک ہے جس کے ساتھ ہمارے دیرینہ، مضبوط اور خوشگوار تعلقات ہیں۔ ایسی صورت حال میں پاکستانی قوم ایران کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔میاں ظفر رشید نے مزید کہا کہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف ہر عالمی فورم پر آواز بلند کی جائے گی اور پاکستان کو سفارتی سطح پر فوری اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ عالمی برادری کو اس خطرناک صورتحال کی سنگینی سے آگاہ کیا جا سکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں معروف کالم نگار محمد زاہد مجید انور سے خصوصی گفتگو کے دوران کیا۔ میاں ظفر رشید نے عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں اور اقوام متحدہ سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کی اس اشتعال انگیزی کا سخت نوٹس لیں اور عالمی امن کے لیے فوری کردار ادا کریں