ڈی ایچ کیو ہسپتال میں عوام کو معیاری طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، ڈاکٹر شہاب عالم

ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انور سے)سپرنٹنڈنٹ میڈیکل ڈی ایچ کیو ہسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ ڈاکٹر شہاب عالم نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب عوام کو بنیادی صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔ صحت عامہ کے شعبے میں انقلابی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ مریضوں کو علاج معالجے کی بہتر سہولتیں میسر آ سکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ڈسٹرکٹ انجمن صحافیاں کے ضلعی صدر اور معروف کالم نگار محمد زاہد مجید انور سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر شہاب عالم نے بتایا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں روزانہ کی بنیاد پر سینکڑوں مریضوں کو چیک کیا جاتا ہے اور انہیں تمام ممکنہ سہولیات مفت فراہم کی جاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں عملے کی حاضری، ادویات کی دستیابی، صفائی کے نظام اور دیگر انتظامی امور کو بہتر بنانے کے لیے باقاعدہ مانیٹرنگ کی جاتی ہے۔ مریضوں کو ہرممکن ریلیف فراہم کرنا ان کی اولین ترجیح ہے۔ڈاکٹر شہاب عالم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اپنے فرائض کو ایمانداری، دیانتداری اور فرض شناسی کے ساتھ ادا کرتے رہیں گے اور ڈی ایچ کیو ہسپتال کو ضلع کا مثالی علاج گاہ بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔انہوں نے صحافی برادری کے مثبت کردار کو سراہا اور کہا کہ میڈیا عوامی مسائل اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے، جس سے بہتری کی راہیں ہموار ہوتی ہیں۔