ڈپٹی کمشنر نصیرآباد منیر احمد کاکڑ کی زیر صدارت محرم الحرام کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا 
اٹک (سٹارنیوز )ڈپٹی کمشنر نصیرآباد منیر احمد کاکڑ کی زیر صدارت محرم الحرام کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں اسسٹنٹ کمشنر چھتر بہادر خان کھوسہ، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی سلیم احمد ڈومکی، ڈی ایس پی شمن علی سولنگی، ڈپٹی کمشنر کے پی ایس منظور شیرازی سمیت مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام زاکرین، مفتیان، سادات، مفکرین، تاجران، امن کمیٹی و شہری ایکشن کمیٹی کے ممبران، مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں اور ہندو پنچایت ڈیرہ مراد جمالی کے صدر سیٹھ تارا چند و اقلیتی کونسلر سیٹھ ڈاسو مل نے شرکت کی۔ اجلاس میں عشرہ محرم کے دوران سیکیورٹی سمیت دیگر اہم امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر منیر احمد خان کاکڑ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع نصیرآباد میں روایتی ماتمی جلوس نکالے جائیں گے، ساتویں، نویں اور دسویں محرم الحرام کے جلوسوں کے لیے غیر معمولی سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے اور پولیس تمام تر تیاریوں کو ابھی سے حتمی شکل دے۔ پولیس کے ساتھ رضاکار بھی فرائض انجام دیں گے اور ان کی فہرستیں فوری طور پر فراہم کی جائیں۔ غیر روایتی جلوسوں کی اجازت نہیں دی جائے گی کیونکہ اس سے سیکیورٹی مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کو شہر بھر میں بلا تعطل صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی جبکہ پولیس روٹس کی سرچنگ اور سویپنگ کے عمل کو مکمل کرے۔ علمائے کرام اور زاکرین قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بھرپور تعاون کریں اور جلوس کے روٹس پر کسی غیر متعلقہ فرد کو شامل نہ ہونے دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ برف کے مالکان محرم کے دوران برف کی قلت پیدا نہ کریں، وارا بندی سے اجتناب کریں، بصورت دیگر ملوث افراد کے کارخانے سیل کر دیے جائیں گے۔ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ روکنے کے لیے کیسکو حکام کو تحریری طور پر آگاہ کیا جائے گا۔ ماتمی جلوسوں کے ہمراہ ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور ایمبولینسز موجود ہوں گی جبکہ شدید زخمیوں کو فوری طور پر ٹراما سینٹر منتقل کیا جائے گا، اس حوالے سے سول ہسپتال، ٹراما سینٹر اور تمام بیسک ہیلتھ یونٹس میں ایمرجنسی نافذ رہے گی۔ انہوں نے میونسپل کمیٹی کو ہدایت کی کہ شہر بھر میں صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھا جائے بالخصوص ماتمی جلوسوں کے روٹس کی مکمل صفائی اور یوم عاشورہ کے دن پانی کا چھڑکاؤ یقینی بنایا جائے۔













