شورکوٹ بار روم کی خوبصورتی، بار کالونی کا قیام اور بایومیٹرک الیکشنز اولین ترجیح ہے: میاں اختر عباس سیال
شورکوٹ (سٹارنیوز )تفصیلات کے مطابق صدر بار ایسوسی ایشن شورکوٹ میاں اختر عباس سیال ایڈووکیٹ اور جنرل سیکرٹری چوہدری وقاص سلیم ایڈووکیٹ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ شورکوٹ بار کو ایک مثالی اور جدید قانونی ادارہ بنانے کے لیے تمام تر توانائیاں بروئے کار لائی جا رہی ہیں۔ بار روم کی تزئین و آرائش، خوبصورت اور سہولیات سے آراستہ بار کالونی کا قیام، اور وکلاء کو باوقار و پیشہ ورانہ ماحول فراہم کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ وکلاء برادری کو محفوظ، منظم اور جدید ماحول دینا بار قیادت کی بنیادی ذمہ داری ہے، اور ہم اس عزم پر پوری سنجیدگی سے عمل پیرا ہیں۔
مزید برآں، صدر بار نے اعلان کیا کہ آئندہ شورکوٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات بایومیٹرک سسٹم کے تحت کرائے جائیں گے، جو بار کی تاریخ میں ایک نمایاں اور جدید پیش رفت ہو گی۔ یہ اقدام انتخابی عمل میں شفافیت، غیرجانبداری اور اعتماد کو فروغ دے گا اور جمہوری روایات کو مضبوط بنائے گا۔
بار قیادت کے ان عملی اقدامات کو وکلاء برادری کی جانب سے بھرپور پذیرائی حاصل ہو رہی ہے، اور وکلاء نے امید ظاہر کی ہے کہ شورکوٹ بار مستقبل میں ترقی، نظم و ضبط اور شفافیت کی روشن مثال بن کر سامنے آئے گی۔













