صوبائی وزیر اطلاعات اعظمیٰ بخاری کا ڈی سی کمپلیکس ٹوبہ ٹیک سنگھ کا دورہ، ستھرا پنجاب پروگرام کی کارکردگی کا جائزہ
ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انور سے)صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب محترمہ اعظمیٰ بخاری نے ڈی سی کمپلیکس ٹوبہ ٹیک سنگھ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر کمشنر فیصل آباد مریم خان اور ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ محمد نعیم سندھو بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ دورے کے دوران صوبائی وزیر نے ستھرا پنجاب پروگرام کے دفتر کا اچانک معائنہ کیا۔وزیر اطلاعات کو پروگرام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ ڈسٹرکٹ اسسٹنٹ مینجنگ آفیسر میاں زاہد شبیر نے دی۔ انہوں نے صفائی ستھرائی، کوڑا کرکٹ کی منتقلی، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، عوامی شکایات کے ازالے اور دیگر امور سے متعلق مکمل آگاہی فراہم کی۔صوبائی وزیر اعظمیٰ بخاری نے پروگرام کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور ہدایات جاری کیں کہ صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے اور عوامی فلاح کے منصوبوں کو مؤثر انداز میں پایۂ تکمیل تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی ہدایت پر ستھرا پنجاب پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔آخر میں صوبائی وزیر نے متعلقہ افسران کی کاوشوں کو سراہا اور مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ عوامی خدمت جاری رکھنے کی ہدایت کی۔












