مریم نواز راشن کارڈ ایک انقلابی اقدام ہے، غریب طبقے کو براہِ راست ریلیف ملے گا: چوہدری امجد علی جاوید
ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انور سے)رکنِ صوبائی اسمبلی، چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی برائے محنت و افرادی قوت پنجاب اور ممتاز سینئر قانون دان چوہدری امجد علی جاوید ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا راشن کارڈ پروگرام ایک انقلابی قدم ہے، جس کے ذریعے مستحق خاندانوں کو بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔وہ ڈسٹرکٹ انجمن صحافیاں ٹوبہ ٹیک سنگھ کے ضلعی صدر اور معروف کالم نگار محمد زاہد مجید انور سے خصوصی گفتگو کر رہے تھے۔ چوہدری امجد علی جاوید نے کہا کہ مریم نواز حکومت کا وژن “خدمت، شفافیت اور فلاح” کے اصولوں پر مبنی ہے، اور راشن کارڈ اسی پالیسی کا عملی اظہار ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں امدادی منصوبے صرف اعلانات تک محدود رہتے تھے، لیکن موجودہ حکومت نے عملی اقدامات سے ثابت کیا ہے کہ وہ عوام کی حقیقی معنوں میں خیر خواہ ہے۔ راشن کارڈ کے ذریعے مستحقین کو آٹا، چینی، گھی، دالیں اور دیگر اشیائے ضروریہ پر سبسڈی فراہم کی جائے گی۔چوہدری امجد علی جاوید نے کہا کہ صحافی برادری نے ہمیشہ عوامی مسائل کو اجاگر کیا ہے اور حکومت تک اُن کی آواز پہنچائی ہے، جس پر ہم اُن کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر محمد زاہد مجید انور کی صحافتی خدمات کو بھی سراہا اور اُن کی کاوشوں کو قابلِ تقلید قرار دیا۔آخر میں انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ عوامی فلاح کے منصوبوں کو مؤثر انداز میں عملی جامہ پہنانے کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں گے اور حلقہ عوام کے اعتماد پر پورا اُترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔












