لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کے شعبہ داخلہ کا ڈگری شو الحمرا آرٹ کونسل میں منعقد، میاں کاشف اشفاق مہمان خصوصی
ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انورسے)الحمرا آرٹ کونسل لاہور میں لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کے شعبہ داخلہ (Department of Interior Design) کا سالانہ ڈگری شو منعقد ہوا، جس میں طلباء و طالبات نے اپنی شاندار تخلیقی صلاحیتوں، جدت طرازی اور فنی مہارتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ اس پروقار تقریب کے مہمانِ خصوصی معروف صنعتکار اور سماجی شخصیت میاں کاشف اشفاق تھے جنہوں نے طلباء کے کام کو سراہتے ہوئے ان کے لیے حوصلہ افزا الفاظ ادا کیے۔میاں کاشف اشفاق نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوجوان نسل پاکستان کا روشن مستقبل ہے، اور فنونِ لطیفہ میں ان کی دلچسپی اور مہارت دیکھ کر دل خوشی سے بھر جاتا ہے۔ انہوں نے طلبہ کی محنت کو سراہا اور تعلیمی اداروں میں تخلیقی سوچ کے فروغ کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔تقریب میں نمائش شدہ پراجیکٹس میں اندرونی آرائش، ماڈرن اسپیس ڈیزائن، ماحول دوست تعمیرات اور دیگر تخلیقی نظریات شامل تھے جنہیں حاضرین نے بے حد پسند کیا۔ ہر پروجیکٹ میں انفرادیت، گہرائی اور فن کا منفرد رنگ نمایاں تھا۔چن ون (ChenOne) کی جانب سے اس تقریب میں خصوصی شرکت کی گئی، جس نے ہونہار طلباء کی پیشہ ورانہ ترقی کے لیے اپنی بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔ چن ون کے نمائندوں کا کہنا تھا کہ وہ نوجوان تخلیق کاروں کو پلیٹ فارم فراہم کرنے پر فخر محسوس کرتے ہیں تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو قومی و بین الاقوامی سطح پر منوا سکیں۔شرکاء نے تقریب کو نہایت متاثر کن اور یادگار قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کے طلبہ کا یہ ڈگری شو اعلیٰ معیار، تخلیقی سوچ اور عملی مہارت کا بہترین امتزاج تھا، جو تعلیمی اور فنی دنیا میں ایک خوش آئند قدم ہے۔












