کمالیہ: بارش کے باعث ہوٹل کی چھت گرنے سے 6 افراد زخمی، ایک کی حالت تشویشناک

ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انور سے) کمالیہ میں موسلا دھار بارش کے باعث بائی پاس روڈ پر واقع ایک ہوٹل کی چھت گر گئی، حادثے کے نتیجے میں 6 افراد شدید زخمی ہو گئے جن میں ایک شخص کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہےعینی شاہدین کے مطابق اچانک تیز بارش اور آندھی کے باعث ہوٹل کی بوسیدہ چھت منہدم ہو گئی، جس کے نیچے موجود گاہک اور عملہ ملبے تلے دب گئے۔ مقامی افراد نے فوری طور پر ریسکیو 1122 کو اطلاع دی، جنہوں نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور زخمیوں کو فوری طور پر ٹی ایچ کیو اسپتال کمالیہ منتقل کیا۔اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں سے ایک نوجوان کی حالت نازک ہے جسے تشویشناک حالت میں فیصل آباد ریفر کر دیا گیا ہے، جبکہ دیگر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد دی جا رہی ہے۔
حادثے کے بعد ضلعی انتظامیہ اور پولیس موقع پر پہنچ گئی اور واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ ابتدائی رپورٹ کے مطابق ہوٹل کی چھت خستہ حالی کا شکار تھی اور بارش کے باعث اس کی بنیادیں مزید کمزور ہو گئی تھیں عوامی حلقوں نے اس افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں سے پرانی اور خستہ حال عمارات کی فوری جانچ اور ضروری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے تاکہ مستقبل میں ایسے دلخراش واقعات سے بچا جا سکے۔