ستھرا پنجاب سٹی ایریا کے اسسٹنٹ منیجر آپریشنز محمد نواز گجر نے کہا ہے کہ شہر اور گردونواح میں صفائی ستھرائی کے عمل میں کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی
ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انور سے)ستھرا پنجاب سٹی ایریا کے اسسٹنٹ منیجر آپریشنز محمد نواز گجر نے کہا ہے کہ شہر اور گردونواح میں صفائی ستھرائی کے عمل میں کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ تمام ورکرز کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دیں اور صفائی کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ڈسٹرکٹ انجمن صحافیاں کے ضلعی صدر اور معروف کالم نگار محمد زاہد مجید انور سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ محمد نواز گجر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ستھرا پنجاب مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور صفائی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ سٹی ایریا میں صفائی کے لیے تعینات ورکرز کی تعداد 149 ہے جو اپنے فرائض کی انجام دہی میں ہر وقت تیار اور متحرک رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تعاون کے بغیر کوئی بھی مہم کامیاب نہیں ہو سکتی، اس لیے شہری بھی صفائی کے حوالے سے اپنا مثبت کردار ادا کریں، کچرا مقررہ مقامات پر ڈالیں اور ٹیم کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ صفائی صرف ایک ادارے کی نہیں بلکہ پورے معاشرے کی ذمہ داری ہے۔ ستھرا پنجاب ٹیم دن رات شہر کو صاف ستھرا رکھنے میں مصروف ہے اور جلد ہی اس کے مزید مثبت اثرات شہریوں کو محسوس ہوں گے۔*












