اسسٹنٹ کمشنر پیرمحل محمد ذوالفقار صابر کی زیر صدارت یومِ استحصالِ کشمیر کے حوالے سے ان کے دفتر میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا
ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انور سے)اسسٹنٹ کمشنر پیرمحل محمد ذوالفقار صابر کی زیر صدارت یومِ استحصالِ کشمیر کے حوالے سے ان کے دفتر میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں تحصیل بھر کے سرکاری افسران، مختلف محکموں کے نمائندگان، سول سوسائٹی، اساتذہ، وکلا اور علاقہ کی اہم سماجی و سیاسی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت، ظلم و ستم اور انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف آواز بلند کرنا اور کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار تھا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر محمد ذوالفقار صابر نے یومِ استحصال کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ 5 اگست 2019 کو بھارت نے کشمیری عوام کے آئینی، انسانی اور جمہوری حقوق کو غصب کیا، جو عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور دنیا کے ہر فورم پر ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گیاسسٹنٹ کمشنر نے مزید کہا کہ ہمیں کشمیریوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرنا چاہیے اور ہر سطح پر ان کے لیے آواز بلند کرنی چاہیے۔تقریب کے اختتام پر کشمیری شہداء کے لیے خصوصی دعا کی گئی اور بھارتی مظالم کے خلاف مذمتی قرارداد بھی منظور کی گئی۔ یومِ استحصال کی مناسبت سے شرکاء نے کشمیری عوام سے مکمل یکجہتی کے عزم کا اعادہ کیا۔بعدازاں ایک ریلی کا اہتمام کیا گیا جو مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی احتشام پزیر ہوئی۔












