کمالیہ میں 11 اگست یومِ اقلیت کے حوالے سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انور سے) کمالیہ میں 11 اگست یومِ اقلیت کے حوالے سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ یہ دن پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق اور ان کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے منایا جاتا ہے اور بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے 11 اگست 1947 کے تاریخی خطاب کی یاد دلاتا ہے، جس میں انہوں نے ہر شہری کو مذہب اور عقیدے سے بالاتر ہو کر برابر کے حقوق دینے کا وعدہ کیا تھا۔اس موقع پر مقررین نے کہا کہ یومِ اقلیت قومی یکجہتی، بھائی چارے، رواداری اور مساوات کے فروغ کا پیغام دیتا ہے۔ ملک بھر کی طرح کمالیہ میں بھی اس دن کی مناسبت سے سیمنارز، تقریبات اور خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا جا رہا ہے تاکہ پاکستان کو ایک متحد اور خوشحال وطن بنایا جا سکے۔تقریب میں امیدوار برائے صوبائی اسمبلی چوہدری شاہد اقبال گجر کے چھوٹے بھائی اور وائس چیئرمین پنجاب نیشنل پیس کونسل پاکستان حافظ تنویر ناصر گجر، پرنسپل پی ایس ٹی کالج اور جنرل سیکرٹری اوورسیز ونگ کمالیہ حارث ندیم سمیت سیاسی و سماجی شخصیات، تعلیمی اداروں کے نمائندگان اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔*