والدین وہ نعمت جو دوبارہ نہیں ملتی

تحریر: محمد زاہد مجید انور

*دنیا میں بے شمار رشتے ہیں، لیکن والدین کا رشتہ ان سب سے مقدس، خالص اور بے مثال ہے۔ ماں کی ممتا اور باپ کا سایہ زندگی کی وہ دو نعمتیں ہیں جن کا نعم البدل ممکن ہی نہیں۔ والدین وہ ہستیاں ہیں جو اپنی اولاد کے لیے ہر دکھ برداشت کرتی ہیں، اپنی خواہشات قربان کرتی ہیں، مگر اولاد کے چہروں پر مسکراہٹ دیکھ کر سب کچھ بھول جاتی ہیں۔والدین وہ نعمت ہیں جو زندگی میں دوبارہ نہیں ملتی۔ ان کے بغیر گھر ویران، زندگی سنسان اور دل خالی محسوس ہوتا ہے۔ ماں کے ہاتھوں کا بنا کھانا، باپ کے کندھوں پر بیٹھ کر دنیا دیکھنے کی خوشی، یہ سب وہ لمحات ہیں جو بچپن میں ہمیں معمولی لگتے ہیں مگر جب والدین ہم سے دور ہو جائیں تو انہی یادوں کی خوشبو دل کو چیر کر رکھ دیتی ہے۔آج کے دور میں اولاد اکثر مصروفیت کے بہانے والدین سے وقت نہیں نکالتی۔ کچھ لوگ تو ایسے بھی ہیں جو اپنے ہی والدین کو بوجھ سمجھنے لگے ہیں۔ یاد رکھیے! والدین کی دعائیں ہی زندگی کی سب سے بڑی دولت ہیں۔ ان کی دعائیں وہ مضبوط ڈھال ہیں جو مصیبتوں کو ٹال دیتی ہیں، ناکامیوں کو کامیابی میں بدل دیتی ہیں۔والدین کی مسکراہٹ دنیا کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔ اگر آپ کے والدین آج بھی آپ کے ساتھ ہیں تو ان کی قدر کیجیے، ان کے قدموں میں جنت تلاش کیجیے۔ ان کی خدمت میں خوشی تلاش کریں، ان کے چہروں پر مسکراہٹ لانا اپنا مقصدِ زندگی بنا لیجیے، کیونکہ جب وہ دنیا سے رخصت ہو جاتے ہیں تو دعاؤں کی وہ روشنی بھی بجھ جاتی ہے جو زندگی کی راہوں کو منور کرتی تھی۔ماں باپ کی خدمت کی توفیق نصیب والوں کو ہی ملتی ہے۔ جن کے والدین دنیا میں نہیں رہے، وہ جانتے ہیں کہ ان کی کمی کس قدر گہری ہوتی ہے۔ اس لیے جب تک وہ ہمارے ساتھ ہیں، ان کے قدموں میں بیٹھنا، ان کے ہاتھ چومنا اور ان سے دعائیں لینا سب سے بڑی عبادت ہے۔اللہ تعالیٰ ہم سب کو اپنے والدین کی قدر کرنے، ان کی خدمت کرنے اور ان کی دعاؤں کا حق ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔*