چونڈہ لاری اڈا پر المناک حادثہ، معصوم بچہ جاں بحق

چونڈہ( سٹارنیوز)چونڈہ لاری اڈا کے قریب تیز رفتار اور بے قابو ڈمپر کی موٹر سائیکل کو ٹکر کے نتیجے میں ایک معصوم بچہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ جاں بحق ہونے والا بچہ کالے والی کے رہائشی تبسم کا بیٹا بتایا جاتا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق ڈمپر حد سے زیادہ رفتار کے باعث ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو گیا جس کے باعث یہ دلخراش حادثہ پیش آیا۔ واقعے کے بعد علاقہ مکینوں میں شدید غم و غصہ پایا گیا اور شہریوں نے ڈمپر ڈرائیور کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔
اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی، لاش کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی شروع کر دی گئی جبکہ ڈمپر ڈرائیور کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ چونڈہ لاری اڈا سمیت دیگر مصروف مقامات پر تیز رفتار بھاری گاڑیوں کے خلاف مؤثر اور سخت اقدامات کیے جائیں تاکہ مستقبل میں قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔