قائداعظم محمد علی جناحؒ کی عظیم شخصیت کا ہی اعجاز تھا کہ انہوں نے انتہائی کم عرصے میں ایک ایسا عظیم کارنامہ سرانجام دیا جو رہتی دنیا تک عالمِ اسلام کے ایک مضبوط قلعے کے طور پر جگمگاتا رہے گا چوہدری سعید احمد سعیدی
*ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انور سے) پاکستان تحریک انصاف کے سابق رکن صوبائی اسمبلی اور معروف سیاستدان چوہدری سعید احمد سعیدی نے کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ کی عظیم شخصیت کا ہی اعجاز تھا کہ انہوں نے انتہائی کم عرصے میں ایک ایسا عظیم کارنامہ سرانجام دیا جو رہتی دنیا تک عالمِ اسلام کے ایک مضبوط قلعے کے طور پر جگمگاتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی بانیٔ پاکستان کے سنہری اصولوں پر چلنے کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ قائداعظم برصغیر کے ایک عظیم قانون دان، ہندو مسلم اتحاد کے سفیر، آئین پسندی کا رجحان رکھنے والے ممتاز پارلیمانی لیڈر، مدبر سیاستدان، ناقابلِ شکست حریت پسند سپاہی، متحرک مسلمان رہنما اور اعلیٰ سیاسی حکمتِ عملی کے حامل عظیم قوم ساز تھے۔ ان کی شخصیت میں وہ تمام اوصاف بدرجہ اتم موجود تھے جو ایک عظیم رہنما کو تاریخ میں امر کر دیتے ہیں۔چوہدری سعید احمد سعیدی نے کہا کہ تاریخ میں بہت کم لوگ ایسے پیدا ہوتے ہیں جو اپنے کردار اور قیادت سے تاریخ کا دھارا بدل دیتے ہیں، اور قائداعظم محمد علی جناحؒ انہی عظیم ہستیوں میں شامل ہیں۔ انہوں نے اپنی دوراندیشی، ثابت قدمی اور مسلسل جدوجہد کے ذریعے ایک آزاد اور خودمختار ملک پاکستان کے قیام کو ممکن بنایا۔انہوں نے مزید کہا کہ کچھ لوگ عظمت کے ساتھ پیدا ہوتے ہیں اور قائداعظمؒ کی زندگی اس بات کا عملی ثبوت ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم ان کے افکار، اصولوں اور وژن کو اپنا کر ملک کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے متحد ہو کر کام کریں۔*













