قائداعظم محمد علی جناحؒ کی عظیم خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں میاں امتیاز احمد

ٹوبہ ٹیک سنگھ (محمد زاہد مجید انور سے) ضلعی چیئرمین ایگریکلچر اور معروف سیاسی، سماجی و کاروباری شخصیت میاں امتیاز احمد نے بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کی عظیم خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قائداعظم کے اصولوں پر عمل پیرا ہو کر ہی پاکستان کو ترقی، استحکام اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یومِ قائداعظم کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ملک کی سلامتی، استحکام اور عوام کی خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔میاں امتیاز احمد نے کہا کہ قائداعظم کی قیادت، دیانت داری، اصول پسندی اور قربانیاں ہم سب کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم قومی یکجہتی، ایمانداری اور قانون کی پاسداری کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنا لیں تو پاکستان کو درپیش مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہر شہری کو اپنے اپنے شعبے میں قائداعظم کے وژن کے مطابق کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ ملک کو ترقی یافتہ اقوام کی صف میں کھڑا کیا جا سکے۔تقریب میں شریک شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ قائداعظم کے ویژن کے مطابق ملک کی تعمیر و ترقی، قومی یکجہتی اور معاشی استحکام کے لیے بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔*