گڑھ مہاراجہ میں قانون بے بس، چور بااثر تھانہ گڑھ مہاراجہ کی مبینہ چشم پوشی، آئی جی پنجاب سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ

گڑھ مہاراجہ(نمائندہ خصوصی)تھانہ گڑھ مہاراجہ کی پولیس چوری کی واردات میں ملوث نامزد ملزمان کو گرفتار کرنے میں بری طرح ناکام نظر جس پر شہریوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے پولیس کی مبینہ غفلت اور عدم کارروائی کے خلاف متاثرہ شہری نے اعلیٰ پولیس حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا ہے
تفصیلات کے مطابق گڑھ مہاراجہ کے رہائشی شیخ امتیاز رحمانی کے ڈیرہ سے گزشتہ شب مبینہ طور پر عثمان بھٹی، عمران آرائیں، مجاہد آرائیں اور وقاص کلاسن قیمتی چھ سے سات لاکھ روپے مالیت کے ٹائرز اور رمز چوری کر کے فرار ہو گئے۔ متاثرہ شہری کا کہنا ہے کہ واقعے کے فوری بعد تھانہ گڑھ مہاراجہ میں تحریری درخواست دی گئی، تاہم افسوسناک امر یہ ہے کہ نہ تو تاحال مقدمہ درج کیا جا سکا ہے اور نہ ہی نامزد ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔
مدعی شیخ امتیاز رحمانی نے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس کی اس مبینہ غفلت اور تاخیری حربوں سے ملزمان کے حوصلے بلند ہو رہے ہیں جبکہ عام شہری خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔ انہوں نے آئی جی پنجاب، آر پی او اور ڈی پی او جھنگ سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے مقدمہ درج کروایا جائے اور چوری میں ملوث ملزمان کو فی الفور گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر اس سنگین واردات پر فوری اور شفاف کارروائی نہ کی گئی تو عوام کا پولیس پر اعتماد مزید مجروح ہو گا، لہٰذا اعلیٰ حکام صورتحال کا سنجیدگی سے جائزہ لیں اور انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں