ڈی پی او جھنگ کی زیرِ صدارت امن و امان اور قومی یکجہتی سے متعلق اہم اجلاس کا انعقاد

جھنگ ( )ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ساجد حسین کی زیرِ صدارت امن و امان، داخلی استحکام اور قومی یکجہتی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اہلِ تشیع کمیونٹی کے نمائندہ علمائے کرام، مذہبی رہنماؤں، اور سکیورٹی افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر ایس پی انوسٹی گیشن رحمان قادر اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔اجلاس میں موجودہ بین الاقوامی صورتحال کے تناظر میں ضلع جھنگ میں امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے، داخلی ہم آہنگی کو مستحکم بنانے اور قومی یکجہتی کے تقاضوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ شرکاء نے اس امر پر اتفاق کیا کہ باہمی احترام، مذہبی رواداری، برداشت اور قانون کی پاسداری ہی پائیدار امن کی ضمانت ہیں۔ڈی پی او ساجد حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اس وقت نازک حالات سے گزر رہا ہے، لہٰذا قومی اتحاد اور یگانگت کو ہر صورت مقدم رکھا جائے اور کسی بھی ایسے عمل سے اجتناب کیا جائے جس سے داخلی استحکام متاثر ہونے کا خدشہ ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ دشمن عناصر کو کوئی ایسا موقع فراہم نہیں کیا جائے گا جو ملکی یکجہتی کو نقصان پہنچا سکے۔اجلاس کے اختتام پر ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای سمیت دیگر شہداء کے درجات کی بلندی اور مغفرت کے لئے خصوصی دعا کی گئی، جبکہ ملکی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے بھی اجتماعی دعا کا اہتمام کیا گیا۔
اہلِ تشیع علماء کرام نے قومی یکجہتی کے فروغ اور قیامِ امن کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ وہ حکومت اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہمیشہ کھڑے رہیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہم سب سے پہلے پاکستانی ہیں اور پاکستان کی سلامتی، استحکام اور وقار ہم سب کے لیے مقدم ہے۔

رپورٹ محمد عمر فاروق سٹاف رپورٹر سٹارنیوز