میانوالی (اللہ نواز خان)میانوالی کے نواحی علاقے ونجاری میں کروڑوں روپے کی لاگت سے نصب کیے گئے دو فلٹر پلانٹس کئی سال سے بند پڑے ہیں، ان کو فوری بحال کیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق ایک فلٹر پلانٹ گورنمنٹ ہائی سکول ونجاری میں جبکہ دوسرا مریم نواز ہیلتھ کلینک ونجاری میں نصب کیا گیا تھا۔ ہائی سکول میں قائم فلٹر پلانٹ ابتدائی عرصے میں عوام کو صاف پانی فراہم کرتا رہا، تاہم بجلی کے بلوں کی عدم ادائیگی کے باعث واپڈا نے کنکشن منقطع کر دیا، جو تاحال بحال نہ ہو سکا۔ سکول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فنڈز کی کمی کے باعث بجلی کے اخراجات برداشت کرنا ممکن نہیں، جبکہ پلانٹ کے لیے علیحدہ نل کی فراہمی بھی ضروری ہے۔دوسری جانب مریم نواز ہیلتھ کلینک میں نصب فلٹر پلانٹ تاحال فعال نہیں ہو سکا۔ ذرائع کے مطابق اس پلانٹ کو بجلی فراہم کرنے والا ٹرانسفارمر بھی چوری ہو چکا ہے، جبکہ مقام پر سکیورٹی کے لیے گیٹ بھی موجود نہیں۔ دونوں فلٹر پلانٹس کے اطراف جھاڑیاں اگ چکی ہیں، جو انتظامی غفلت کی نشاندہی کرتی ہیں۔
واضح رہے کہ ان منصوبوں پر کروڑوں روپے خرچ کیے جا چکے ہیں، مگر عدم توجہی کے باعث یہ سرمایہ ضائع ہونے کے خطرے سے دوچار ہے۔ اہل علاقہ نے ڈپٹی کمشنر میانوالی اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ان فلٹر پلانٹس کو بحال کیا جائے تاکہ عوام کو صاف پانی کی سہولت میسر آ سکے اور قومی سرمایہ محفوظ رہ سکے۔
یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ ضلعی انتظامیہ اس مسئلے کا کئی دفعہ نوٹس لے چکی ہے، تاہم تاحال عملی اقدامات دیکھنے میں نہیں آئے۔یہ وضاحت بھی ضروری ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو یہ منصوبے مکمل طور پر ناکارہ ہو جائیں گے۔