حکومت پنجاب کی فلاحی سکیم “اپنی چھت اپنا گھر” کے سلسلے میں NRSP کے برانچ منیجر عفیف الحسنین اورکریڈٹ آفیسر محمد مزمل نے تحصیل عیسیٰ خیل کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے جاری منصوبوں کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ نئے درخواست گزاروں کے پلاٹس کا بھی معائنہ کیا۔
میانوالی (اللہ نواز خان) حکومت پنجاب کی فلاحی سکیم “اپنی چھت اپنا گھر” کے سلسلے میں NRSP کے برانچ منیجر عفیف الحسنین اورکریڈٹ آفیسر محمد مزمل نے تحصیل عیسیٰ خیل کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے جاری منصوبوں کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ نئے درخواست گزاروں کے پلاٹس کا بھی معائنہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب کی جانب سے شروع کی گئی اس اہم ہاؤسنگ سکیم کا مقصد بےگھر اور کم آمدنی والے افراد کو اپنی چھت فراہم کرنا ہے، جس سے ہزاروں شہری مستفید ہو رہے ہیں۔ اس سکیم کو کامیاب بنانے میں NRSP عیسیٰ خیل کا عملہ بھرپور کردار ادا کر رہا ہے اور مسلسل محنت کے ذریعے منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے کوشاں ہے۔سکیم کو کامیاب کرنے کے لیے برانچ مینیجر عفیف الحسنین نے کریڈٹ آفیسرمحمد مزمل کے ساتھ مختلف سائٹس کا دورہ کیا۔دورے کے دوران برانچ منیجر عفیف الحسنین نے زیر تعمیر گھروں کا جائزہ لیا اور کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ تعمیراتی کام کو مزید تیز کیا جائے تاکہ مستحق افراد کو جلد از جلد رہائش فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ معیارِ تعمیر پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔
اس موقع پر محمد مزمل نے بھی مختلف سائٹس کا معائنہ کیا اور نئے درخواست گزاروں کے پلاٹس کی جانچ پڑتال کرتے ہوئے ضروری رہنمائی فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ سکیم کے تحت شفافیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور تمام مراحل میرٹ پر مکمل کیے جا رہے ہیں۔
علاقہ مکینوں نے حکومت پنجاب اور NRSP کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سکیم کے ذریعے مزید مستحق خاندانوں کو بھی اپنے گھر کی سہولت میسر آئے گی۔












